پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روزبھی آغاز پر تیزی کا رجحان دیکھا گیا ، دوسری جانب روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت مزید کم ہو گئی ہے۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی رہی ، کاروبار کے آغاز پر 100 انڈیکس میں 645 پوائنٹس اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس ایک لاکھ 62 ہزار 871 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
گزشتہ روز اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار میں مثبت رجحان کے باعث انڈیکس نے ایک لاکھ ، 62 ہزار کی حد عبور کر لی تھی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی مارکیٹوں کے رجحان، سیاسی استحکام اور معاشی اعداد و شمار کے اثرات کے باعث سرمایہ کاروں کا رویہ مسلسل اتار چڑھاؤ کا شکار ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر درآمدی دباؤ کم ہوا اور ترسیلات بڑھیں تو روپے کی قدر مزید مستحکم ہونے کی امید ہے، مجموعی طور پر اسٹاک مارکیٹ اور زرمبادلہ مارکیٹ دونوں میں آج کی ٹریڈنگ سرمایہ کاروں کے لیے حوصلہ افزا رہی۔