اسلام آباد کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے شہر بھر کے ہوٹل، ریستوران، گیسٹ ہاؤسز اور پیٹرول پمپس میں کیش لیس ادائیگیوں کے نظام کو متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ اعلان چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی سربراہی میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد کیا گیا جس میں بینکوں کے سینئر حکام اور متعلقہ شعبوں کے حکام نے بھی شرکت کی۔
سی ڈی اے کے حکام کے مطابق یہ اقدام وفاقی دارالحکومت کو مکمل کیش لیس ماڈل سٹی بنانے کے وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے وژن کا حصہ ہے۔
پہلے ہی ہفتہ وار مارکیٹوں، میٹرو بس سروس، اور سی ڈی اے کے ون ونڈو سینٹرز میں کیو آر کوڈ کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگی کا نظام کامیابی سے نافذ ہو چکا ہے۔
اب نئے مرحلے میں بڑے کاروباری مراکز، شاپنگ مالز، کلاس تھری مارکیٹس، ہوٹل، گیسٹ ہاؤسز اور فیول اسٹیشنز کو بھی اس نظام میں شامل کیا جائے گا تاکہ شہری جدید اور شفاف ادائیگیوں کے طریقہ کار سے مستفید ہوں اور نقدی کے استعمال میں کمی آئے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوام اور تاجروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فوائد سے آگاہ کریں جبکہ تاجروں کو بھی کہا گیا ہے کہ وہ کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگی کرنے والے صارفین کو خصوصی رعایتیں اور ترغیبات فراہم کریں تاکہ اس نظام کو تیزی سے اپنایا جا سکے۔
مزید برآں ایم ٹیگ سسٹمز، ڈیجیٹل پارکنگ اور دیگر جدید اقدامات بھی شہر میں متعارف کروائے جا رہے ہیں ان اقدامات کا مقصد اسلام آباد کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی سے لیس ماڈل سٹی بنانا ہے، جہاں شہری اور کاروباری حضرات دونوں جدید سہولتوں سے فائدہ اٹھائیں اور مالی لین دین میں شفافیت کو فروغ دیا جائے۔
یہ نئے اقدامات نہ صرف شہریوں کے لیے آسانیاں پیدا کریں گے بلکہ اسلام آباد کی بین الاقوامی شبیہ کو بھی مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے کیونکہ کیش لیس نظام سے ٹیکس کے شفاف اور منظم ریکارڈ رکھنے میں بھی آسانی ہوگی۔