لاہورمیں قسطوں پر موٹرسائیکلیں فروخت کرنے والے ایک شہری کے نام پر 23 لاکھ روپے سے زائد کے ٹریفک چالان جاری کیے گئے ہیں۔
سیف سٹی ذرائع کے مطابق یہ شہری گڑھی شاہو کا رہائشی ہے اور اس کے نام پر 500 سے زائد موٹرسائیکلیں رجسٹرڈ ہیں، ذرائع نے بتایا کہ 500 موٹرسائیکلوں کے لیے اب تک 2 ہزار 71 چالان بھیج دیے گئے ہیں۔
موٹرسائیکلیں خریدنے والے صارفین نے ابھی تک اپنی مکمل ادائیگی نہیں کی یا موٹرسائیکلیں اپنے نام منتقل نہیں کرائیں، جس کی وجہ سے تمام ٹریفک چالان قسطوں پر موٹرسائیکلیں فروخت کرنے والے شہری کے نام پر جمع ہو گئے ہیں۔
سیف سٹی حکام نے واضح کیا ہے کہ آئندہ اس طرح کے معاملات کو روکنے کے لیے خریداروں کو موٹرسائیکلیں رجسٹر کروانے اور مکمل ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق جو شہری لائسنس کے بغیر موٹر سائیکل چلاتے پکڑے جائیں گے، ان پر بیس ہزار روپے چالان کٹے گا، ڈی آئی جی نے اسپیڈ لمٹ کی بھی وضاحت کر دی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ تمام چھوٹی بڑی گاڑیوں کی اسپیڈ لمٹ صرف 60 ہے۔ پیر محمد شاہ کے مطابق 60 سپیڈ سے زیادہ چلانے پر شہریوں کو اوور اسپیڈنگ کا ٹکٹ جاری ہوگا۔
مزید پڑھیں: ٹریفک آرڈیننس 2025 کے خلاف ہڑتال سے متعلق ٹرانسپورٹرز کا بڑا اعلان

