آئندہ پانچ دن موسم کیسا رہے گا؟محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا

آئندہ پانچ دن موسم کیسا رہے گا؟محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں  آج سے 18 دسمبر کے دوران بارش اور برفباری کی پیش گوئی  کی ہے، جس کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے موسم سے متعلق ایڈوائزری بھی جاری کر دی ہے۔ اداروں کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک کے بالائی اور مغربی علاقوں کو متاثر کرے گا جس سے موسم سرد اور مرطوب ہو جائے گا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق آج سے اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں مطلع جزوی سے مکمل طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ 18 دسمبر تک وقفے وقفے سے بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری یا برفباری ہو سکتی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مری، گلیات اور قریبی پہاڑی علاقوں میں بھی بادل چھائے رہنے اور بارش کے ساتھ برفباری کے امکانات ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی خیبرپختونخوا، کوہستان اور گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری متوقع ہے جبکہ آزاد جموں و کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں بھی شدید سردی کے ساتھ برف باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح بلوچستان کے بعض شمالی اور مغربی علاقوں میں ہلکی بارش اور بلند مقامات پر برفباری ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :محکمہ موسمیات نے بارش اور برف باری کی پیشن گوئی کر دی، جا نئے کب بارش اوربرفباری کا آ غاز ہو گا

 آج سے 15 دسمبر کے دوران مغربی ہواؤں کے اثرات میں اضافے کے باعث بعض علاقوں میں دھند کی شدت بڑھنے کا خدشہ ہے، جس سے حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔ میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث درجہ حرارت مزید کم ہو جائے گا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق کوہستان، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن  ہو سکتی ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور بعض مقامات پر راستے بند ہونے کا خدشہ ہے، کوئٹہ، زیارت اور شمال مغربی بلوچستان کے علاقوں میں بھی موسم سرد رہنے اور کہیں کہیں بارش یا برفباری کی توقع ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام، بالخصوص سیاحوں اور مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔

editor

Related Articles