محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں موسم کی صورتحال میں نمایاں تبدیلی کی پیش گوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے کئی علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ 29 دسمبر کی رات ملک میں داخل ہوگا، جو مختلف علاقوں میں موسم کو مزید سرد بنا دے گا۔ اس موسمی نظام کے اثرات کئی دن تک برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 30 دسمبر سے 02 جنوری کے دوران پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بارش کے باعث موسم سرد اور خوشگوار ہو جائے گا، تاہم نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ٹریفک مسائل پیدا ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی دوران پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کی شدت میں اضافے کا بھی امکان ہے، جس کے باعث موٹر ویز اور اہم شاہراہوں پر حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
29 دسمبر سے 31 دسمبر کے دوران بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ جبکہ 30 دسمبر کے روز سندھ کے بعض حصوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، حیدرآباد، جیکب آباد، کشمور، لاڑکانہ اور بدین میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے، جس سے ان علاقوں میں موسم قدرے سرد ہو جائے گا۔
خیبر پختونخوا میں 30 دسمبر سے یکم جنوری کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں درمیانے سے شدید درجے کی برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے سردی کی لہر میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
اسی طرح 30 دسمبر سے 02 جنوری کے دوران گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ گلگت اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں درمیانی درجے کی برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔