ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر کی قیادت میں ٹریفک پولیس شہریوں کو جدید اور سہل سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسلسل سرگرم عمل رہی۔
سال 2025 کے دوران شہریوں کی بڑی تعداد نے آن لائن لائسنسنگ سروسز سے بھرپور فائدہ اٹھایا، جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوئی بلکہ دفاتر میں رش میں بھی واضح کمی دیکھنے میں آئی۔
ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق سال 2025 میں 38 لاکھ سے زائد شہریوں نے آن لائن لرنر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے۔ اس کے علاوہ 12 لاکھ سے زیادہ شہریوں نے اپنے لرنر یا ریگولر ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کی سہولت سے استفادہ کیا۔ ترجمان نے بتایا کہ تقریباً 10 ہزار شہریوں نے اپنے گم یا خراب ہونے والے ڈرائیونگ لائسنس کے بدلے ڈپلیکیٹ لائسنس بھی آن لائن طریقہ کار کے ذریعے دوبارہ حاصل کیے۔
آن لائن سہولیات کا رجحان صرف ملک کے اندر ہی نہیں بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں بھی تیزی سے بڑھا ہے۔ ترجمان کے مطابق 4500 سے زائد اوورسیز پاکستانیوں نے اپنے انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کروائی، جو ڈیجیٹل سروسز پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر کے مطابق ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ کے باعث 50 لاکھ سے زائد شہریوں نے ای ڈرائیونگ لائسنس موبائل فون یا کمپیوٹر کے ذریعے ڈاؤن لوڈ کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ای ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت شہریوں کے لیے ایک بڑا ریلیف ہے، جس سے کاغذی کارروائی میں کمی اور فوری رسائی ممکن ہوئی ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دفاتر میں لمبی قطاروں اور موسم کی شدت سے بچنے کے لیے ٹریفک پولیس کے آن لائن پورٹل کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہری آن لائن پورٹل کے ذریعے نہ صرف لرنر لائسنس حاصل کر سکتے ہیں بلکہ لائسنس کی تجدید اور ڈپلیکیٹ لائسنس کی سہولت بھی بآسانی حاصل کی جا سکتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس مستقبل میں بھی شہریوں کی سہولت کے لیے ڈیجیٹل نظام کو مزید مؤثر اور آسان بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی، تاکہ عوام کو جدید، شفاف اور تیز رفتار خدمات فراہم کی جا سکیں۔