دنیا بھر میں معاشی بے یقینی اور مالی منڈیوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ بدستور جاری ہے، سونے اور چاندی کی قیمتوں میں تیزی ہو یا عالمی اسٹاک ایکسچینجز کی غیر مستحکم صورتحال، ایسے حالات میں امریکی ڈالر کی قیمت سے متعلق بڑی پیشگوئی سامنے آ گئی ہے ۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ای سی اے پی) کے چیئرمین ملک بوستان نے کہا ہے کہ پاکستانی روپے کی قدر میں مزید بہتری کا امکان ہے اور آنے والے دنوں میں امریکی ڈالر 250 روپے سے بھی نیچے آ سکتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی دفاعی برآمدات میں اضافہ اور جے ایف 17 لڑاکا طیاروں کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مانگ روپے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
ملک بوستان نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں معاشی حالات بتدریج بہتر ہو رہے ہیں، جس کے مثبت اثرات کرنسی مارکیٹ پر بھی نظر آ رہے ہیں، اسٹاک ایکسچینج میں مضبوط بحالی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ روپے کی قدر کو مستحکم کرنے میں مدد دے رہا ہے ، اس کے ساتھ ساتھ زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل اضافہ بھی ایک خوش آئند اشارہ ہے۔
چیئرمین ای سی اے پی کے مطابق گزشتہ چھ ماہ کے دوران امریکی ڈالر کی قیمت میں واضح کمی دیکھی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈالر کا ریٹ جو پہلے تقریباً 290 روپے تک پہنچ چکا تھا، اب کم ہو کر 281 روپے کے قریب آ گیا ہے، یعنی اس عرصے میں تقریباً 9 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ملک بوستان نے مزید بتایا کہ 2022 میں پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر خطرناک حد تک کم ہو کر 3 ارب ڈالر سے بھی نیچے آ گئے تھے، تاہم اب یہ ذخائر بڑھ کر تقریباً 22 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں، جو ملکی معیشت کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔
ان کے مطابق روپے کی موجودہ مضبوطی عارضی نہیں بلکہ حقیقی معاشی عوامل پر مبنی ہے، چند سال قبل یہ خدشات ظاہر کیے جا رہے تھے کہ ڈالر 500 روپے تک پہنچ سکتا ہے، لیکن اب صورتحال بدل چکی ہے اور توقعات ڈالر کے 250 روپے یا اس سے بھی کم سطح تک آنے کی ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ دفاعی برآمدات، جے ایف 17 طیاروں کی عالمی مانگ، اسٹاک مارکیٹ کی بحالی اور زرمبادلہ کے مضبوط ذخائر روپے کی قدر میں بہتری کی اہم وجوہات قرار دی جا رہی ہیں۔