پاکستان تحریکِ انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے کوٹ لکھپت جیل لاہور سے پنجاب اسمبلی کے رکن ایم پی اے ندیم قریشی کے نام خط تحریر کیا ہے۔ یہ خط شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین قریشی نے ایم پی اے ندیم قریشی کے حوالے کیا۔
خط میں شاہ محمود قریشی نے پنجاب اسمبلی میں پنجاب پروٹیکشن آف اموویبل پراپرٹی ایکٹ 2025 کے خلاف تقریر کرنے پر ندیم قریشی کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ قانونی برادری کو متحد کرنے کا سبب بنا ہے اور سینئر قانون دان حامد خان کی قیادت میں دونوں پیشہ ور گروپس نے اس قانون کو مسترد کر دیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے خط میں لکھا کہ احسن بھون کی قیادت میں پنجاب بار کونسل نے بھی اس متنازع قانون سازی کو مسترد کیا ہے، جبکہ پنجاب بار کونسل اس ایکٹ کے خلاف باقاعدہ تحریک چلانے پر بھی غور کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے اس متنازع قانون کو درست طور پر معطل کر دیا ہے، جو ایک اہم اور بروقت فیصلہ ہے۔
خط کے آخر میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں ایم پی اے ندیم قریشی کی کارکردگی نے پارٹی قیادت کو بہت اطمینان بخشا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ اگرچہ وہ اس وقت کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں، مگر سیاسی اور قانونی حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔