خیبرپختونخوا پولیس کی وردی کی آڑ میں گولڈ مائن مافیا کی سرپرستی، منشیات فروشی، بھتہ خوری اور کوہاٹ ٹول پلازہ پر کسٹمز آفیسر عبیداللہ کی شہادت میں مبینہ ملی بھگت کا بھانڈا پھوٹنے کے بعد احتساب سے بچنے کے لیے “امن کمیٹی” کے نام پر بغاوت برپا کرنے والے جرائم پیشہ اور معطل اہلکاروں کے گرد ریاستی اور محکمانہ گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔
اعلیٰ سطحی سیکیورٹی و پولیس ذرائع کے مطابق فورس کے اندر چھپی کالی بھیڑوں کی تطہیر کے لیے حتمی فیصلے کر لیے گئے ہیں اور “بنوں و لکی مروت امن کمیٹی” کے مقدس لبادے میں ریاست کو بلیک میل کرنے والے اس باغی ٹولے کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کانسٹیبل خالد خان، کانسٹیبل حضرت علی، کانسٹیبل حیدر اور کانسٹیبل شاہ بختیار کی سرکردگی میں کام کرنے والے اس غیر قانونی گروہ کے تمام سرغنہ اور سہولت کاروں کی فہرستیں مرتب کر لی گئی ہیں، جنہوں نے سابق آئی جی اختر حیات گنڈاپور کے ہاتھوں برطرفی کے بعد سیاسی اثر و رسوخ استعمال کر کے دوبارہ بحالی کرائی اور محکمے کے اندر رشوت کے عوض تبادلوں اور تعیناتیوں کی بولیاں لگانے کا مافیا کھڑا کر رکھا تھا۔
تحقیقاتی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ چند روز قبل کوہاٹ ٹول پلازہ ڈکیتی، جس میں فرض شناس کسٹمز آفیسر عبیداللہ کو شہید کیا گیا تھا، کی ابتدائی تفتیش میں ڈاکوؤں کے ساتھ بعض پولیس اہلکاروں کی مجرمانہ غفلت اور ملی بھگت کے ٹھوس شواہد سامنے آنے پر موجودہ آئی جی خیبرپختونخوا نے جب ان داغدار اہلکاروں کو معطل کیا، تو انہوں نے قانون کا سامنا کرنے کے بجائے سڑکیں بند کر کے اور ایس پی انویسٹی گیشن کو یرغمال بنا کر احتساب کا راستہ روکنے کی ناکام کوشش کی۔
اب محکمہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس بلیک میلنگ کو مسترد کرتے ہوئے واضح پیغام دے دیا ہے کہ وردی پہن کر گولڈ مائن مافیا چلانے، منشیات بیچنے، نان کسٹم گاڑیاں استعمال کرنے اور ایماندار پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اس باغی ٹولے کے سرغنہ عناصر کی سرکاری تنخواہیں، اسلحہ اور سرکاری وسائل ضبط کرنے، مستقل برطرفی کے احکامات جاری کرنے اور ان کے خلاف دہشت گردی، اغوا، بغاوت اور قتل کے مقدمات میں سخت ترین قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں اور شہداء کے ورثاء نے اس فیصلہ کن پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس کی لازوال قربانیوں پر داغ بننے والی ان کالی بھیڑوں کو عبرت کا نشان بنانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ فورس کا وقار اور خطے کا امن بحال ہو سکے۔