خیبرپختونخوا میں “امن کمیٹی” کے مقدس نام کا لبادہ اوڑھ کر سرکاری وردی میں غنڈہ گردی، بھتہ خوری اور نظم و ضبط کی دھجیاں اڑانے والے جرائم پیشہ ٹولے کا اصل چہرہ اور اس کے وجود میں آنے کی تہلکہ خیز اندرونی کہانی منظرِ عام پر آ گئی ہے۔ سامنے آنے والی دستاویزی تفصیلات نے اس نام نہاد امن کمیٹی کے تمام دعووں کا پول کھول کر رکھ دیا ہے کہ یہ کوئی اصلاحی یا فلاحی تنظیم نہیں بلکہ سنگین جرائم اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر نوکری سے نکالے گئے 17 برطرف اہلکاروں اور سیاسی بھرتیوں کے ذریعے فورس میں گھسنے والی کالی بھیڑوں کا ایک منظم مافیا ہے، جس نے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت اور سہیل آفریدی کی مبینہ سرپرستی میں بنوں اور لکی مروت کے پورے پولیس نظام کو یرغمال بنا رکھا ہے۔
خیبرپختونخوا میں گزشتہ تیرہ برسوں سے برسرِ اقتدار پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دورِ حکومت میں میرٹ کا گلا گھونٹ کر کی جانے والی سیاسی بھرتیوں کے نتیجے میں پولیس فورس کے اندر جرائم پیشہ اور متنازع عناصر کی ایک کھیپ داخل کی گئی۔
جب سابق انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) اختر حیات گنڈاپور اور اس وقت کے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) بنوں عمران شاہد نے فورس کے وقار کو بچانے کے لیے کالی بھیڑوں کے خلاف تطہیری آپریشن شروع کیا، تو تحقیقات میں سنگین جرائم، کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث پائے جانے والے 17 پولیس اہلکاروں کو نوکری سے برطرف کر دیا گیا۔
تاہم حیران کن اور افسوسناک امر یہ رہا کہ محکمہ پولیس کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنے والے ایماندار اور فرض شناس اعلیٰ افسران یعنی آئی جی اختر حیات گنڈاپور اور آر پی او عمران شاہد کو شاباش دینے کے بجائے صوبائی حکومت نے انہیں عہدوں سے ہٹا کر تبادلے کر دیے۔
عوامی حلقوں کے مطابق ان تبادلوں کے فوراً بعد وہی 17 برطرف اور داغدار اہلکار سیاسی اثر و رسوخ کے بل بوتے پر دوبارہ بحال کرا لیے گئے، جبکہ بنوں میں متنازع شہرت کے حامل افسر ڈی پی او ضیا الدین کو تعینات کر کے اس ٹولے کو کھلی چھوٹ دے دی گئی۔
بحال ہونے والے ان 17 داغدار اہلکاروں نے دیگر ہم خیال عناصر کو ساتھ ملا کر “لکی مروت اور بنوں امن کمیٹی” کے نام سے ایک غیر قانونی جتھہ تشکیل دیا، جو عملاً پولیس کے اندر ایک بدمعاش مافیا بن چکا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کی سرپرستی اور سہیل آفریدی کی پشت پناہی کے باعث اس نام نہاد امن کمیٹی کا اثر و رسوخ اس قدر بڑھ گیا کہ دونوں اضلاع میں ڈی پی او سے لے کر ایس ایچ او تک کی تعیناتیوں اور تبادلوں کے فیصلے بھی یہی داغدار اہلکار کرنے لگے۔
سیاسی و سماجی حلقوں اور شہداء کے ورثاء نے اس صورتحال پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس کے ہزاروں بہادر جوان دہشت گردوں کے خلاف سینہ سپر ہو کر جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں، جبکہ دوسری طرف 17 برطرف و جرائم پیشہ اہلکاروں کا یہ ٹولہ “امن کمیٹی” کے نام پر بدمعاشی، بلیک میلنگ اور بغاوت کر کے پوری فورس کی قربانیوں پر سیاہ دھبہ لگا رہا ہے۔
عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس غیر قانونی امن کمیٹی کو فوری کالعدم قرار دے کر ان 17 بحال شدہ عناصر اور ان کے سرپرستوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور انہیں عبرت ناک سزا دی جائے تاکہ پولیس فورس کا نظم و ضبط اور وقار بحال ہو سکے