پاکستانی سینئر اداکارہ فریال گوہر نے کینسر، آتش زدگی اور تیزاب گردی سے متاثرہ خواتین کی حمایت میں اپنا سر منڈوا کر ایک منفرد پیغام دیا ہے۔ اداکارہ کے اس اقدام کا مقصد ان خواتین کے مسائل اور مشکلات کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے جو بیماری یا حادثات کے باعث اپنی ظاہری شکل میں تبدیلی کا سامنا کرتی ہیں۔
فریال گوہر نے ڈیپلیکس اسمائل اگین فاؤنڈیشن کے اشتراک سے اس مہم میں حصہ لیا اور سر منڈوانے کے بعد اپنی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی۔ اداکارہ کا یہ قدم ان خواتین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کی علامت ہے جو کینسر کے علاج، جلنے یا تیزاب گردی کے باعث بالوں اور چہرے کی ساخت میں تبدیلی جیسے مشکل تجربات سے گزرتی ہیں۔
فریال گوہر پاکستانی ڈراما انڈسٹری کی معروف اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔ وہ اپنے طویل فنی سفر کے دوران ’بند گلی‘، ’اڑان‘، ’وصال‘، ’چاند گرہن‘، ’کوہکن‘، ’موہنی مینشن کی سنڈریلا‘ اور ’چاندنی راتیں‘ سمیت متعدد ڈراموں میں اداکاری کرچکی ہیں۔
اداکارہ چند روز قبل بھی خبروں میں آئی تھیں، جب انہوں نے اپنی سابقہ ازدواجی زندگی میں مبینہ ذہنی اور جسمانی تشدد کے تجربات پر کھل کر گفتگو کی تھی۔
دوسری جانب اسمائل اگین فاؤنڈیشن نے فریال گوہر کی تصویر کے ساتھ خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ فاؤنڈیشن کے مطابق اداکارہ کی حمایت نے تیزاب گردی اور جلنے سے متاثرہ افراد کے مسائل کو اجاگر کرنے اور معاشرے میں ہمدردی و آگاہی پیدا کرنے میں مدد دی ہے۔
فاؤنڈیشن نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس مقصد کے لیے اس کا ساتھ دیں اور متاثرہ افراد کی بحالی اور مدد کے لیے عطیات فراہم کریں۔
اس مہم کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ کسی بیماری یا حادثے کے بعد ظاہری شکل میں تبدیلی کسی انسان کی قدر، شناخت یا حوصلے کو کم نہیں کرتی۔ متاثرہ خواتین کو ہمدردی کے ساتھ ساتھ معاشرتی قبولیت اور عملی تعاون کی بھی ضرورت ہے۔