بھتہ خوری اور غیر قانونی سرگرمیوں پر سوال اٹھا تو ‘بنوں نام نہاد امن کمیٹی’ کے صدر حضرت اللہ میڈیا کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے پر اتر آئے، عوامی و صحافتی حلقوں میں تشویش

بھتہ خوری اور غیر قانونی سرگرمیوں پر سوال اٹھا تو ‘بنوں نام نہاد امن کمیٹی’ کے صدر حضرت اللہ میڈیا کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے پر اتر آئے، عوامی و صحافتی حلقوں میں تشویش

خیبر پختونخوا میں میڈیا نے ضلع بنوں کی نام نہاد امن کمیٹی کے صدر حضرت اللہ اور اس کے حواریوں کی ملک دشمن غیر قانونی سرگرمیوں سے پردہ اٹھایا تو، صحافیوں کو ہی سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا شروع کر دی ہیں۔
مقامی صحافیوں کو دی جانے والی سنگین نتائج کی دھمکیوں کے خلاف صحافتی تنظیموں اور علاقہ مکینوں میں شدید تشویش پائی جا رہی، نام نہاد کمیٹی کی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق مقامی میڈیا کی جانب سے کمیٹی کے غیر قانونی ہتھکنڈوں اور اصل کردار کو عیاں کیے جانے کے بعد نام نہاد کمیٹی کے سربراہ حضرت اللہ نے حقائق کا سامنا کرنے کے بجائے دھمکی آمیز رویہ اختیار کر لیا، جس پر عوامی و سماجی حلقوں میں گہری تشویش پائی جا رہی ہے۔

امن کمیٹی کے نام پر مبینہ بھتہ خوری اور استحصال 
علاقہ مکینوں اور مقامی حلقوں کا کہنا ہے کہ بنوں امن کمیٹی، جس کی بنیاد علاقے میں امن و امان کی بحالی کے لیے رکھی گئی تھی، اب عوامی استحصال، جبری بھتہ خوری اور اختیارات کے بے جا استعمال کا مرکز بن چکی ہے۔

شہریوں کے مطابق کمیٹی کے صدر حضرت اللہ اور ان کے قریبی ساتھیوں نے ’ڈراؤ اور دھمکاؤ‘ کی پالیسی اپنا رکھی ہے۔ غریب عوام سے زبردستی بھتہ وصول کیا جاتا ہے اور رقم دینے سے انکار پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جاتی ہیں، جس سے علاقے میں قانون کی عملداری کے بجائے ذاتی مفادات اور خوف کی فضا قائم ہو گئی ہے۔

سنگین الزامات اور میڈیا کو دھمکیاں 
رپورٹس میں یہ انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ ایک طرف امن کمیٹی کے بعض عناصر پر دہشتگردوں کی بالواسطہ یا بلاواسطہ پشت پناہی کے سنگین الزامات لگائے جا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں نہ صرف بے گناہ شہریوں بلکہ ملک کے محافظ اداروں کے جوانوں کا قیمتی خون بھی بہہ رہا ہے۔

دوسری جانب جب ذمہ دار صحافیوں نے ان جرائم، بھتہ خوری اور عوام دشمن سرگرمیوں کو بے نقاب کرتے ہوئے اصل حقائق سامنے لائے تو حضرت اللہ شدید برہم ہو گئے اور میڈیا نمائندوں کی زبان بندی کے لیے کھلے عام سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے لگے۔
مقامی شہریوں کا ماننا ہے کہ امن کے نام پر بننے والا یہ ڈھانچہ خود علاقے کے امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن چکا ہے۔

صحافتی برادری کی شدید مذمت اور دو ٹوک مؤقف 
مقامی صحافتی برادری اور پریس کلب کے عہدیداروں نے بنوں امن کمیٹی کے صدر کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس طرزِ عمل کو آزادیِ صحافت پر براہِ راست حملہ قرار دیا ہے۔

صحافی رہنماؤں نے واضح کیا ہے کہ دباؤ اور دھمکیوں کے ہتھکنڈوں سے سچائی کی آواز کو خاموش نہیں کرایا جا سکتا، اور مقامی میڈیا عوامی مفاد کے تحفظ اور حقائق کی نشاندہی کا اپنا پیشہ ورانہ فرض ہر حال میں جاری رکھے گا۔

حکومت اور اداروں سے فوری کارروائی کا مطالبہ 
عوامی، سماجی اور صحافتی حلقوں نے صوبائی حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ حضرت اللہ اور ان کے ساتھیوں کے خلاف عوامی استحصال، بھتہ خوری، دہشتگردوں کی مبینہ سہولت کاری اور صحافیوں کو دھمکانے کے الزامات کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں۔
مطالبہ کیا گیا ہے کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لا کر علاقے کے شہریوں اور صحافیوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔

خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع خصوصاً بنوں اور اس کے مضافات میں امن و امان کے قیام کے لیے ماضی میں مقامی سطح پر امن کمیٹیاں تشکیل دی گئی تھیں تاکہ انتظامیہ اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کیا جا سکے۔
تاہم جب بھی ایسے غیر رسمی ڈھانچوں کو مؤثر سرکاری نگرانی اور احتساب کے بغیر اختیارات ملتے ہیں، تو وہاں اختیارات سے تجاوز اور ذاتی مفادات کے حصول کی شکایات جنم لیتی ہیں۔

مقامی سطح پر صحافی انتہائی کٹھن اور حساس حالات میں عوامی مسائل اور بدعنوانی کو اجاگر کرتے ہیں، ایسے میں ان کی آواز دبانے کی کوئی بھی کوشش نہ صرف شفافیت کے عمل کو متاثر کرتی ہے۔
علاقے میں دیرپا امن کے لیے ضروری ہے کہ قانون نافذ کرنے والے باقاعدہ ادارے خود معاملات کی باگ ڈور سنبھالیں اور کسی بھی گروہ یا کمیٹی کو متوازی طاقت بننے کی اجازت نہ دی جائے۔

Related Articles