مری میں برفباری کب ہوگی ؟ محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

مری میں برفباری کب ہوگی ؟ محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

مغربی موسمی نظام کے زیرِ اثر مری میں شدید برفباری کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے پیش نظر پنجاب حکومت نے صورتحال سے نمٹنے اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔

متوقع خراب موسم کے باعث انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے مری کا دورہ کیا اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس کے دوران متعلقہ حکام نے صوبائی وزیر کو برفباری سے متعلق تیاریوں، سڑکوں کی صفائی کے انتظامات اور ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات سے نمٹنے کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ آج اور کل مری میں بارش اور برفباری متوقع ہے، جبکہ برف کی مقدار 12 سے 20 انچ تک ہو سکتی ہے۔

صوبائی وزیر مواصلات نے ہدایت کی کہ حساس سڑکوں اور اہم مقامات کی نشاندہی کا عمل فوری طور پر مکمل کیا جائے اور مری میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری ردِعمل کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

یہ بھی پڑھیں: مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ پاکستان میں داخل، بارشوں اور برفباری کا سلسلہ کب شروع ہورہاہے؟، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

ملک صہیب احمد بھرتھ نے متعلقہ محکموں کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ محکمہ موسمیات پاکستان کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور بروقت موسمی اپ ڈیٹس حاصل کریں۔ اپنے دورے کے دوران صوبائی وزیر نے مری کی مختلف سڑکوں کا معائنہ کیا، نمک کے کیمپس اور سیاحتی سہولت مراکز کا دورہ کیا، جبکہ مکینیکل ونگ کی جانب سے استعمال ہونے والی برف ہٹانے اور سڑکوں کی صفائی کی مشینری کا بھی جائزہ لیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت سیاحوں اور مقامی رہائشیوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے اور متوقع برفانی طوفان سے نمٹنے کے لیے ایک جامع پالیسی تیار کی جا رہی ہے۔ انہوں نے ہائی وے ڈیپارٹمنٹ، ضلعی انتظامیہ، ٹریفک پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطے اور ہم آہنگی پر زور دیا۔

انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ اسٹور رومز میں نمک کے وافر تھیلے موجود ہیں اور مری میں قائم 13 سیاحتی سہولت مراکز مکمل طور پر فعال ہیں۔ دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر مری، اسسٹنٹ کمشنر، ہائی وے ڈیپارٹمنٹ اور مکینیکل ونگ کے افسران بھی موجود تھے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *