سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیوں سے متعلق حکومت کا بڑا فیصلہ

سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیوں سے متعلق حکومت کا بڑا فیصلہ

پنجاب بھر کے اسکولوں اور کالجوں میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے گرمیوں کی طویل چھٹیوں میں کمی کی سفارش کر دی گئی ہے۔

اس حوالے سے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کی ہدایت پر قائم کی گئی ایک کمیٹی نے صوبے کے تعلیمی اداروں کے لیے ایک معیاری تعلیمی کیلنڈر تجویز کیا ہے، جس کے تحت ہر سال کم از کم 190 تدریسی دن مکمل کرنا لازمی ہوگا۔

کمیٹی کی سفارشات کے مطابق گرمیوں کی موجودہ ڈھائی ماہ کی طویل تعطیلات کو کم کر کے صرف چھ ہفتے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مجموعی طور پر سالانہ تعطیلات کی تعداد 175 دن رکھنے کی سفارش بھی کی گئی ہے، تاکہ تعلیمی سرگرمیوں میں تسلسل برقرار رکھا جا سکے اور نصاب بروقت مکمل ہو سکے۔

یہ کمیٹی جسٹس جواد حسن کی سربراہی میں دائر ایک رٹ پٹیشن کی سماعت کے دوران تشکیل دی گئی تھی، جس میں تعلیمی اداروں میں بڑھتی ہوئی چھٹیوں کو چیلنج کیا گیا تھا۔ کمیٹی نے چار ماہ کے دوران مجموعی طور پر تین اجلاس منعقد کیے، جبکہ تیسرے اجلاس میں حتمی سفارشات مرتب کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: کیا پنجاب کے تعلیمی اداروں میں طلباء کی حاضری کی شرط ختم کردی گئی؟

لاہور میں ہونے والا کمیٹی کا آخری اجلاس اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹری کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس کی نگرانی اسپیشل سیکریٹری محمد اقبال نے کی۔ اجلاس کے اختتام پر اسپیشل سیکریٹری محمد اقبال نے پنجاب ایجوکیشن کریکولم، ٹیسٹنگ اینڈ اسسمنٹ اتھارٹی اور ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن کو ہدایت کی کہ تین دن کے اندر ایک یکساں تعلیمی کیلنڈر تیار کیا جائے، تاکہ اسے عملی شکل دی جا سکے۔

کمیٹی کا موقف ہے کہ تعطیلات میں مسلسل اضافے کے باعث بالخصوص اعلیٰ جماعتوں میں نصاب مکمل نہیں ہو پاتا، جس کا براہ راست اثر طلبہ کی تعلیمی کارکردگی پر پڑتا ہے۔ کمیٹی کے مطابق تدریسی دنوں میں کمی سے طلبہ کی سیکھنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے اور امتحانی نتائج پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

نجی اسکولوں کی تنظیموں نے بھی کمیٹی کی اس تجویز کی حمایت کرتے ہوئے اسے تعلیمی بہتری کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ معیاری اور یکساں تعلیمی کیلنڈر سے نہ صرف نصاب کی بروقت تکمیل ممکن ہو گی بلکہ تعلیمی نظام میں نظم و ضبط بھی بہتر ہو سکے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پرائیویٹ اسکولوں پر نئی پابندی عائد

Related Articles