پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ حکومتِ پاکستان کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے زیادہ حکومتِ پاکستان کے تابع ہے اور اسی کے فیصلے کی روشنی میں آگے بڑھا جائے گا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلے کے لیے وزیراعظم کی واپسی کے منتظر ہیں، کیونکہ اس وقت وزیراعظم پاکستان ملک میں موجود نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے حکومت اپنا فیصلہ واضح کرے، اس کے بعد پلان اے، بی اور سی تیار ہیں۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے اور ان کا مؤقف ہے کہ بنگلہ دیش کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شامل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش آئی سی سی میں برابر کی حیثیت کا رکن ملک ہے، اور اگر پاکستان کے معاملے میں بھارت کو کسی قسم کی رعایت یا فیور دیا جاتا ہے تو وہی سہولت بنگلہ دیش کو بھی ملنی چاہیے۔
محسن نقوی نے کہا کہ یہ دہرا معیار ہے اور ایک ملک کسی دوسرے ملک کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ڈکٹیشن کی گئی تو پھر پاکستان کا بھی ایک مؤقف ہوگا اور پاکستان اپنے مؤقف پر قائم رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت وہ تفصیل میں نہیں جا سکتے، تاہم جب ضرورت محسوس ہوئی تو تمام تفصیلات سامنے رکھیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ 10 مئی کو بھی ایک فیصلہ کیا گیا تھا، اس کے بعد یہ نہیں دیکھا گیا کہ آگے کیا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تمام صورتحال میں پاکستان کرکٹ بورڈ حکومت کے فیصلے کا احترام کرے گا اور اسی کے مطابق لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔