این سی سی آئی اے کے زیر تفتیش سابق قومی کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے میڈیا سے گفتگو کرنے سے روک دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق این سی سی آئی اے کے زیر تفتیش قومی کرکٹر محمد رضوان نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے میڈیا سے بات کرنے کی اجازت طلب کی تھی، تاہم پی سی بی نے انہیں میڈیا سے گفتگو کرنے سے روک دیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کا مؤقف ہے کہ محمد رضوان کا کیس این سی سی آئی اے میں ہے، اس لیے انہیں میڈیا سے بات کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
بتایا جاتا ہے کہ سابق کپتان محمد رضوان زیر تفتیش کیس سے متعلق اپنا مؤقف عوام کے سامنے رکھنا چاہتے تھے۔
واضح رہے کہ دورہ انگلینڈ میں 2 ٹیسٹ میچوں میں شکست کے بعد جن کھلاڑیوں کو پاکستان طلب کیا گیا تھا، ان میں محمد رضوان بھی شامل تھے۔
پی سی بی نے محمد رضوان اور امام الحق کے موبائل فون بھی تحویل میں لے لیے تھے، جنہیں بعد ازاں این سی سی آئی اے کے حوالے کردیا گیا۔ دونوں کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے بھی روک دیا گیا تھا۔