مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

ملک میں جاری مہنگائی کی لہر کے باعث برائلر گوشت اور دیگر مرغی کی مصنوعات عام شہریوں کی پہنچ سے مسلسل دور ہوتی جا رہی ہیں۔ سرکاری نرخوں کے اعلان کے باوجود مارکیٹ میں قیمتیں بلند سطح پر فروخت ہو رہی ہیں، جس سے صارفین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

محکمہ مارکیٹ ریسرچ کے مطابق برائلر گوشت کی سرکاری قیمت 526 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں یہ 550 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح زندہ مرغی کی قیمت 363 روپے فی کلو جبکہ بون لیس گوشت کی قیمت 700 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے، جو شہریوں کے لیے اضافی مالی بوجھ بن رہی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ آمدن میں کسی قسم کا اضافہ نہیں ہو رہا، جبکہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ان کے گھریلو بجٹ پر شدید دباؤ ڈال رہا ہے۔ ان کے مطابق برائلر گوشت، جو ماضی میں سستا اور ہر گھر کا بنیادی پروٹین سمجھا جاتا تھا، اب عام آدمی کے لیے خریدنا مشکل ہو چکا ہے۔

ماہرین اقتصادیات کا کہنا ہے کہ کرنسی کی قدر میں کمی، پیداواری لاگت میں اضافہ اور سپلائی چین کے مسائل مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں اضافے کی اہم وجوہات ہیں، جس کے اثرات براہِ راست صارفین پر پڑ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تاریخ رقم، ہنڈرڈ انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 89 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا

Related Articles