ایس آئی ایف سی کے تعاون سے پاکستان کی معیشت پر عالمی شراکت داروں کا اعتماد مزید مضبوط

ایس آئی ایف سی کے تعاون سے پاکستان کی معیشت پر عالمی شراکت داروں کا اعتماد مزید مضبوط

پاکستان کی معاشی ترقی کی راہ میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے جہاں اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے مؤثر تعاون سے عالمی شراکت داروں کا اعتماد مزید مستحکم ہو رہا ہے۔ اسی سلسلے میں پاکستان کے مالیاتی شعبے میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت کویت کے تعاون سے رقمی اسلامک ڈیجیٹل بینک کا باقاعدہ آغاز کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق رقمی اسلامک ڈیجیٹل بینک اگلے ماہ پاکستان میں اپنے آپریشنز کا آغاز کرے گا ، جبکہ ابتدائی مرحلے میں اس بینک میں 10 کروڑ امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے  یہ بینک کویت انویسٹمنٹ اتھارٹی  کی معاونت سے قائم کیا گیا ہے جو عالمی سطح پر ایک معتبر سرمایہ کاری ادارہ تصور کیا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس منصوبے کا آغاز پاکستان کے مالیاتی شعبے کے لیے ایک بڑی اور مثبت پیش رفت ہے۔

مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے اس موقع پر کہا کہ یہ سرمایہ کاری پاکستان کی بہتر ہوتی ہوئی معاشی صورتحال اور جاری اصلاحات پر عالمی اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام پاکستان کی معاشی سمت، اصلاحاتی پالیسیوں اور مالیاتی نظم و ضبط پر بڑھتے ہوئے بین الاقوامی اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان مالیاتی اور ڈیجیٹل معیشت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کا تعاون تیزی سے مضبوط ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :ایس آئی ایف سی کی پالیسی اصلاحات کے مثبت نتائج، معیشت درست سمت گامزن ہوگئی

خرم شہزاد کے مطابق یہ سرمایہ کاری پاکستان میں ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو تیز کرنے اور مالیاتی نظام کے استحکام میں اہم کردار ادا کرے گی۔ رقمی بینک مکمل طور پر ایک ڈیجیٹل اسلامی بینک کے طور پر کام کرے گا، جس کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بینکاری نظام کو زیادہ مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنانا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل بینکاری کے فروغ سے نہ صرف بینکاری خدمات میں بہتری آئے گی بلکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو مالیاتی نظام سے جوڑنے میں بھی مدد ملے گی۔ ایس آئی ایف سی کی مؤثر سہولت کاری کے باعث پاکستان میں جدید، پائیدار اور سرمایہ کار دوست مالیاتی نظام کی راہیں ہموار ہو رہی ہیں، جو مستقبل میں مزید عالمی سرمایہ کاری کو متوجہ کرنے کا سبب بن سکتی ہیں۔

editor

Related Articles