وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک کی آمد پر امتِ مسلمہ کو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ رمضان عبادت، تقویٰ اور روحانی پاکیزگی کے احساس کا مہینہ ہے۔ ان کے بقول، رمضان نہ صرف روزہ رکھنے کا نام ہے بلکہ یہ انسان کی کردار سازی اور باہمی تعلقات کی مضبوطی کا بھی درس دیتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حقیقی عبادت کا مقصد صرف نماز اور روزہ نہیں بلکہ کردار کی اصلاح اور باہمی ایثار کا عملی سبق دینا ہے۔ روزہ صبر، نظم اور ذمہ داری کی تربیت فراہم کرتا ہے اور رمضان معاشرتی ذمہ داریوں، کمیونٹی کی مدد اور کمزور طبقات کے حقوق کی یاد دہانی بھی کراتا ہے۔ اسی تناظر میں حکومت نے رمضان پیکیج کا آغاز کیا ہے تاکہ مستحق افراد کی مدد باعزت اور شفاف انداز میں کی جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مالی امداد ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے فراہم کی جائے گی، تاکہ ہر گھرانہ سحر و افطار کی مناسبت سے خوشیوں اور روایتی رسومات سے محروم نہ رہے۔ اس اقدام کا مقصد یہ بھی ہے کہ مستحق افراد کو فوری اور باعزت مدد پہنچے اور رمضان کے بابرکت مہینے میں کوئی بھی فرد بنیادی ضروریات سے محروم نہ ہو۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو قرآن وسنت کی تعلیمات پر عمل کرنے اور رمضان کی حقیقی روح کو سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ وزیراعظم نے نے کہا کہ دعا ہے کہ پاکستان کو امن، استحکام اور خوشحالی نصیب ہو، تاکہ ملک کے ہر شہری کی زندگی محفوظ اور خوشحال ہو۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ رمضان کا مہینہ ہمیں صبر، شکر اور بھائی چارے کا سبق دیتا ہے، اور ہمیں چاہیے کہ ہم اس مہینے میں صرف اپنی روحانی اصلاح پر نہیں بلکہ معاشرتی خدمت اور ضرورت مندوں کی مدد پر بھی توجہ دیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ رمضان کے دوران معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دیں اور ایک دوسرے کے ساتھ خیرسگالی اور تعاون کا مظاہرہ کریں۔