ریاست اتر پردیش کے ضلع اناؤ میں ایک کرکٹ گراؤنڈ پر جاری میچ کے دوران مکھیوں کے اچانک حملے سے سینیئر امپائر مانک گپتا جان کی بازی ہار گئے۔ مانک گپتا کانپور کرکٹ ایسوسی ایشن کے رکن اور تقریباً 30 برس سے امپائرنگ کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ وہ اسٹیٹ پینل امپائر بھی رہ چکے تھے اور کرکٹ کی دنیا میں اپنی شفاف اور پیشہ ورانہ خدمات کے لیے جانے جاتے تھے۔
بھارتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ہلاک ہونے والے امپائر کے بھائی امیت کمار گپتا نے بتایا کہ اس دن میچ ختم ہو چکا تھا اور ڈرنکس بریک کے دوران مانک گپتا اپنے ساتھی امپائر سے ملاقات کے لیے گئے تھے۔ دونوں چائے پی رہے تھے کہ اچانک پیچھے سے مکھیوں کا ایک غول حملہ آور ہوا اور گراؤنڈ میں موجود افراد پر حملہ کیا۔
امیت کمار گپتا نے بتایا کہ مکھیوں سے بچنے کی کوشش کے دوران مانک گپتا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور گر پڑے، جس کے بعد پورے غول نے انہیں گھیر لیا۔ دیگر افراد کو بھی مکھیوں نے ڈنک مارے، تاہم مانک گپتا شدید حملے کی زد میں آئے اور موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
ساتھی امپائر جگدیش شرما نے کہا کہ ’ڈرنکس بریک کے دوران اچانک مکھیوں کے غول نے حملہ کردیا، سب لوگ بھاگے، لیکن مانک بھائی عمر رسیدہ ہونے کے باعث تیزی سے نہیں بھاگ سکے۔ جب سب لوگ زمین پر لیٹ گئے تو مکھیوں نے وہاں موجود تمام افراد کو نشانہ بنایا، تاہم مانک گپتا پر شدید حملہ ہوا‘۔
مانک گپتا کے پڑوسی بھارتندو پوری نے کہا کہ ’انہوں نے اپنی زندگی امپائرنگ اور کرکٹ کے لیے وقف کی، اپنے خاندان کی کفالت بھی کرتے رہے۔ یہ واقعہ افسوسناک ہے، مانک گپتا کانپور کے ایک ممتاز امپائر اور کانپور کرکٹ ایسوسی ایشن کے رکن تھے‘۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ غیر معمولی واقعہ کرکٹ اور کھیلوں کے دوران حفاظتی اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے، اور اس سے امپائرز اور کھلاڑیوں کے تحفظ کے لیے فوری رہنمائی کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔