ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر آٹھ مرحلے کے اہم میچ میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کرکٹ ٹیم کو51 رنز کے واضح فرق سے شکست دے دی۔
پالی کیلئے کے میدان میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کی ٹیم ایک سو سینتالیس رنز کے ہدف کے تعاقب میں سولہ اعشاریہ چار اوورز میں محض پچانوے رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔سری لنکا کی جانب سے کپتان داسن شاناکا نے تیس رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی مزاحمت کرنے کی کوشش کی تاہم دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
کامیندو مینڈس نے تیرہ جبکہ ویلا لاگے نے دس رنز بنائے لیکن سری لنکا کا کوئی بھی اور کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور نہ کر سکا جس کے باعث پوری ٹیم دباؤ کا شکار ہو گئی۔اس سے قبل میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر ایک سو چھیالیس رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے فل سالٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چالیس گیندوں پر باسٹھ رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ ول جیکس نے اکیس رنز بنا کر ٹیم کی اننگز کو سہارا دیا جبکہ دیگر بلے باز زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔
سری لنکا کی بولنگ میںدنتھ ویلالاگے نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں، مہیش تھیکشنا اور دلشن مدھوشنکا نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دشمانتھا چمیرا کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ تاہم بولنگ لائن کی مجموعی کارکردگی ٹیم کو فتح دلانے کے لیے کافی ثابت نہ ہو سکی۔
واضح رہے کہ اسی گروپ کے گزشتہ میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم اور نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے درمیان مقابلہ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔