پاک فوج کی جانب سے افغان طالبان کی بلااشتعال جارحیت کے خلاف مؤثر اور فیصلہ کن کارروائیاں جاری ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ کشیدگی کے دوران دشمن کی جانب سے سرحدی علاقوں میں اشتعال انگیزی کی گئی جس کے جواب میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے بھرپور اور طاقتور ردعمل دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان کی متعدد پوسٹوں اور کیمپس کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ خاص طور پر “شپولا کیمپ” کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا جہاں عسکری تنصیبات اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائیاں انتہائی مہارت، درستگی اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کے تحت کی جا رہی ہیں تاکہ دشمن کی عسکری صلاحیت کو محدود کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی سیکیورٹی فورسز افغان طالبان فوج کے ٹھکانوں اور فوجی تنصیبات کو مؤثر انداز میں نشانہ بنا رہی ہیں جبکہ شہری آبادی کو ہر ممکن حد تک محفوظ رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔ کارروائیوں کے نتیجے میں افغان طالبان فورسز کو بھاری نقصان کا سامنا ہے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور ضروری اقدامات جاری رہیں گے۔