بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 19 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ کارروائیوں کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے ضلع کوئٹہ کے علاقے شابان میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے وابستہ متعدد ٹھکانوں کی موجودگی کی اطلاع دی تھی، جو مقامی آبادی کے لیے خطرہ قرار دیے گئے تھے۔
مقامی آبادی کے تحفظ اور علاقے کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز نے 21 ستمبر 2026 سے شابان میں کلیئرنس آپریشن شروع کیا،آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے متعدد دہشتگرد ٹھکانوں کو مؤثر کارروائی کے بعد کلیئر کردیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں اب تک 13 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک کیے جاچکے ہیں،کلیئر کیے گئے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
یہ بھی پڑھیں :بلوچستان،سیکورٹی فورسز نے دہشتگردو ں کا بڑا حملہ ناکام بنا دیا ،فتنہ الہندوستان کے 12 دہشتگرد جہنم واصل
سیکیورٹی فورسز کے مطابق علاقے میں موجود خطرے کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا،22 اور 23 ستمبر کو ضلع کیچ اور ضلع کوئٹہ ویسٹ میں بھی سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر پیشگی کارروائیاں کیں،کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں مزید 6 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔


