کراچی کے 19 سالہ نوجوان رایان حبیب نے امریکہ کی ریاست ٹیکساس میں منعقد ہ دنیا کے مشکل ترین مقابلوں میں شمار کیے جانے والے آئرن مین ٹرائیتھلون کو مکمل کرکے تاریخ رقم کر دی ۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے کم عمر ترین پاکستانی بن گئے ہیں ۔
رایان حبیب نے 226.3 کلومیٹر پر مشتمل اس طویل اور انتہائی کٹھن مقابلے کو 15 گھنٹے، 20 منٹ اور 6 سیکنڈز میں مکمل کیا ، یہ کارکردگی نہ صرف ان کی غیر معمولی جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں کی عکاس ہے بلکہ پاکستانی نوجوانوں کے لیے بھی ایک بڑی مثال قرار دی جا رہی ہے۔
آئرن مین ٹرائیتھلون کو دنیا کے سخت ترین مقابلوں میں شمار کیا جاتا ہے جس میں بغیر کسی وقفے کے تین مسلسل مراحل مکمل کرنا ہوتے ہیں۔ ان میں کھلے پانی میں 3.8 کلومیٹر تیراکی، 180 کلومیٹر سائیکلنگ اور 42.2 کلومیٹر کی مکمل میراتھون دوڑ شامل ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :پاکستانی رنرز کی لندن میراتھون میں شاندار کارکردگی، تاریخ رقم
مقابلے کا آغاز جھیل ووڈ لینڈز سے ہوا جہاں رایان نے تیراکی کا مرحلہ ایک گھنٹہ 45 منٹ میں مکمل کیا۔ اس کے بعد انہوں نے سائیکلنگ کا 180 کلومیٹر کا مشکل مرحلہ 7 گھنٹے سے زائد وقت میں طے کیا۔ آخری مرحلہ میراتھون دوڑ پر مشتمل تھا جسے انہوں نے بھرپور عزم اور استقامت کے ساتھ مکمل کیا۔فنش لائن عبور کرتے ہی رایان حبیب نے پاکستان کا پرچم بلند کیا، جو اس لمحے کو مزید یادگار بنا گیا اور وہاں موجود شائقین نے ان کا بھرپور خیرمقدم کیا۔
رایان حبیب گزشتہ کئی برسوں سے ٹرائیتھلون کی باقاعدہ تربیت حاصل کر رہے ہیں اور وہ کم عمری سے ہی برداشت والے کھیلوں میں غیر معمولی دلچسپی رکھتے ہیں۔ ان کی یہ کامیابی طویل محنت، مستقل مزاجی اور سخت جسمانی تربیت کا نتیجہ ہے۔ ان کی یہ کارکردگی پاکستان میں نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک نئی تحریک ثابت ہو سکتی ہے اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام مزید روشن کرے گی۔

