اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف شاندار فتح کے بعد پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کا بڑا بیان سامنے آ گیا جس میں انہوں نے اپنی فارم، محنت اور مائنڈ سیٹ پر تفصیل سے بات کی۔
بابر اعظم نے اہم نوعیت کے میچ میں سنچری اسکور کرنے کے بعد کہا کہ سیمی فائنل کی حیثیت رکھنے والے مقابلے میں بڑی اننگ کھیلنا ٹیم کے لیے انتہائی سودمند ثابت ہوا اور اس سے ان کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا۔
میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شائقین کی اسٹیڈیم میں واپسی کے موقع پر اچھی کارکردگی دکھانا خوش آئند تھاجبکہ پاکستان بھر سے ملنے والی سپورٹ نے ان کا حوصلہ مزید بلند کیا، زندگی اور کھیل دونوں میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں لیکن انہی حالات سے سیکھ کر آگے بڑھنا ہی اصل کامیابی ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ کراچی کے میدان سے ان کی خوبصورت یادیں وابستہ ہیں اور وہ ہر گراؤنڈ پر بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے لاہور اور کراچی کی پچز کے فرق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کی پچ پر آسٹریلوی مٹی کا اثر مختلف انداز میں نظر آتا ہےجس کے مطابق خود کو ڈھالنا ضروری ہوتا ہے۔
پشاور زلمی کے کپتان نے کہا کہ اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے خود کو ڈسپلن کیا اور بھرپور توجہ دی جس کا نتیجہ اب سامنے آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریکارڈز کے بجائے ٹیم کی کامیابی اور آئندہ میچز پر فوکس رکھتے ہیں۔
بابر اعظم نے کہا کہ ہارڈ ہٹنگ کی پریکٹس، گیم پلان کا تجزیہ اور مائنڈ سیٹ کو نارمل کرنے سے انہیں کافی فائدہ ہوا جبکہ ساتھی کھلاڑی کوشل مینڈس کے ساتھ بیٹنگ کرتے ہوئے وہ ایک دوسرے سے سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔