نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس (این ایچ ایم پی) نے ڈرائیونگ لائسنس فیس کی ادائیگی کے لیے کیش لیس نظام متعارف کرا دیا ہے جس کے تحت شہری اب بینک جانے کے بجائے گھر بیٹھے ڈیجیٹل ادائیگی کر سکیں گے۔
اس نئے نظام کا افتتاح ڈپٹی انسپکٹر جنرل آپریشنز، اصغر علی نے کیا۔ یہ اقدام عوامی سہولت کو بہتر بنانے اور سرکاری خدمات کو آسان بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
اب شہری لائسنس فیس ایزی پیسہ، جاز کیش اور دیگر بینکنگ ایپس کے ذریعے ادا کر سکتے ہیں، جس سے ادائیگی کا عمل تیز اور زیادہ آسان ہو جائے گا۔
اس منصوبے کے تحت نیشنل بینک آف پاکستان کے تعاون سے اسلام آباد ڈرائیونگ لائسنسنگ اتھارٹی میں کیو آر کوڈ مشینیں بھی نصب کر دی گئی ہیں، جبکہ شیخوپورہ اور کوئٹہ میں بھی اسی نوعیت کی سہولیات فراہم کرنے کا عمل جاری ہے۔
حکام کے مطابق اس سسٹم سے نہ صرف پراسیسنگ کا وقت کم ہوگا بلکہ بینکوں کے چکر لگانے کی ضرورت بھی ختم ہو جائے گی، جبکہ ادائیگی کی فوری تصدیق سے درخواست دہندگان کو مزید سہولت ملے گی۔