راولپنڈی کی کونسی سڑکیں کل بند رہیں گیں؟ ٹریفک الرٹ جاری

راولپنڈی کی کونسی سڑکیں  کل بند  رہیں گیں؟ ٹریفک الرٹ جاری

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کرکٹ سیریز کے دوران شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے راولپنڈی ٹریفک پولیس نے جامع ٹریفک پلان جاری کردیا، جس کے تحت شہر میں 315 سے زائد ٹریفک افسران اور اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

ٹریفک پلان 6 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے پریکٹس میچ سے قبل نافذ ہوگا، جبکہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز 9 سے 13 اکتوبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔

چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم کے مطابق ٹیموں کی نقل و حرکت کے دوران شہریوں کو کم سے کم مشکلات پیش آنے کیلئے ٹریفک کو مختصر وقت کے لیے متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔

ٹیموں کی آمدورفت کے دوران اسلام آباد سے راولپنڈی آنے والی ٹریفک کو فیض آباد سے ایکسپریس وے کی جانب موڑا جائے گا، جبکہ راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک کو 3 مقررہ مقامات سے مرحلہ وار متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکن کرکٹ ٹیم کا پہلا دستہ اسلام آباد پہنچ گیاہ ایئرپورٹ پر تاریخی استقبال

راولپنڈی ٹریفک پولیس کے مطابق متبادل راستوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور اسٹیڈیم سمیت اہم شاہراہوں پر رش کو کنٹرول کرنے کیلئے 315 سے زائد افسران و اہلکار فرائض انجام دیں گے۔

کرکٹ شائقین کیلئے اسٹیڈیم کے اطراف ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کی غرض سے 3 مقامات پر پارکنگ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق شہریوں کو سڑکوں کی صورتحال اور ٹریفک ڈائیورشنز سے متعلق باقاعدگی سے سرکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور ایف ایم ریڈیو کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔

چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ٹیموں کی نقل و حرکت اور میچز کے دوران ٹریفک پولیس سے تعاون کریں اور جاری کردہ ڈائیورشن پلان پر عمل کریں۔

پاکستان اور سری لنکا کی ٹی20 سیریز کے بعد پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز بھی راولپنڈی میں کھیلی جائے گی، جس کا آغاز 18 اکتوبر سے ہوگا۔

Related Articles