اقوام متحدہ کے سربراہ کل پاکستان پہنچیں گے، اہم ملاقاتیں اور سرگرمیاں طے

اقوام متحدہ کے سربراہ کل پاکستان پہنچیں گے، اہم ملاقاتیں اور سرگرمیاں طے

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کل پاکستان پہنچیں گے جہاں وہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

وزارت خارجہ کے مطابق انتونیو گوتریس کا پاکستان کا سرکاری دورہ 6 سے 8 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ دورے کے دوران پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون، عالمی و علاقائی امن و سلامتی اور مختلف بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اپنے دورے کے دوران نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا بھی دورہ کریں گے جہاں انہیں قدرتی آفات سے نمٹنے، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، تیاریوں اور ابتدائی وارننگ کے نظام سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:رہائی عمران خان کی، نقصان قومی خزانے اور عوام کا،احتجاجی سیاست کے مالی و سماجی اثرات سامنے آگئے

انتونیو گوتریس اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ ان انڈیا اینڈ پاکستان (UNMOGIP) کے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کریں گے۔ پاکستان کی جانب سے اس دورے کو کثیرالجہتی تعاون، عالمی امن اور بین الاقوامی سلامتی کے لیے اہم قرار دیا گیا ہے۔

دورے کے دوران علاقائی اور عالمی صورتحال بھی اہم موضوعات میں شامل ہوگی۔ حالیہ رپورٹس کے مطابق پاکستان کی جانب سے امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے لیے سفارتی کوششوں پر بھی گفتگو متوقع ہے۔

انتونیو گوتریس اس سے قبل 2022 میں پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں جب انہوں نے تباہ کن سیلاب کے بعد متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles