سرکاری ملازمین کے لئے نئے قواعد نافذ، بڑی پابندی عائد

سرکاری ملازمین کے لئے نئے قواعد نافذ، بڑی پابندی عائد

وفاقی حکومت نے تمام سول سرونٹس کو اپنی اور اپنے اہل خانہ کی غیر ملکی شہریت اور سفری دستاویزات کی تفصیلات ڈیکلیئر کرنے کا حکم دیتے ہوئے 90 دن کی مہلت دے دی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے سول سرونٹس کے لیے دوہری شہریت قواعد 2026 کے فوری نفاذ کی ہدایت جاری کردی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام سرکاری افسران کو اپنی اور اپنے لواحقین کی غیر ملکی شہریت اور سفری دستاویزات سے متعلق حلف نامہ جمع کرانے کا پابند کردیا ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے تمام وزارتوں، ڈویژنز، صوبائی چیف سیکریٹریز اور آئی جیز پولیس کو نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری گزٹ میں قواعد کی اشاعت کے 90 دن کے اندر تمام سول سرونٹس اپنے متعلقہ کیڈر ایڈمنسٹریٹرز کو ڈیکلیئریشن جمع کرانے کے پابند ہوں گے۔

ڈیکلیئریشن میں افسر اور ان کے زیرِ کفالت افراد کی غیر ملکی شہریت، غیر ملکی پاسپورٹ یا سفری دستاویزات کے ساتھ ساتھ کسی غیر ملکی شہری سے شادی کی تمام تفصیلات فراہم کرنا لازمی ہوگا۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے واضح کیا ہے کہ ڈیکلیئریشن جمع نہ کرانا یا غلط معلومات فراہم کرنا ’بدعنوانی و بدسلوکی‘ تصور کیا جائے گا۔

وقت پر حلف نامہ جمع نہ کرانے یا حقائق چھپانے والے افسران کے خلاف سول سرونٹس (ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن) رولز 2020 کے تحت قانونی اور انضباطی کارروائی کی جائے گی۔

تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنی اور اپنے اہل خانہ کی غیر ملکی شہریت، پاسپورٹس، سفری دستاویزات اور دیگر متعلقہ تفصیلات اپنے متعلقہ کیڈر ایڈمنسٹریٹرز کو فراہم کریں۔

Related Articles