آرٹیکل 232 اور 234 کا اطلاق، کیا خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل ہونے جا رہی ہے؟ وفاق میں اہم فیصلہ، آئینی کاک ٹیل بھی تیار

آرٹیکل 232 اور 234 کا اطلاق، کیا خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل ہونے جا رہی ہے؟ وفاق میں اہم فیصلہ، آئینی کاک ٹیل بھی تیار

وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں جاری سیاسی اور سیکیورٹی کشیدگی کے پیشِ نظر محض گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ کے بجائے مختلف ’آئینی اقدامات کے کاک ٹیل‘ (مجموعے) پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے، اس حوالے سے صدر اور وزیراعظم کے درمیان اہم ترین ملاقات بھی ہونے والی ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق مرکز خیبرپختونخوا کی ابتر ہوتی صورتحال کو سنبھالنے کے لیے کسی ایک مخصوص شق پر انحصار کرنے کے بجائے آئینی آپشنز کا ایک وسیع دائرہ کار استعمال کرنے پر غور کر رہا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق جب ذرائع سے پوچھا گیا کہ کیا حکومت صوبے میں ایمرجنسی یا گورنر راج نافذ کرنے کی طرف بڑھ رہی ہے، تو ان کا واضح جواب تھا کہ موجودہ حالات میں دونوں اقدامات کے نفاذ کی بنیادی شرائط پوری ہو چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گورنر راج یا ایمرجنسی؟ محسن نقوی، فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کرنے پشاور پہنچ گئے

ذرائع نے اشارہ دیا کہ وفاق آئین میں دی گئی مختلف شقوں کو ملا کر ایک ایسا ’کاک ٹیل‘ تیار کر سکتا ہے جو صورتحال کے مطابق مؤثر ہو۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے صدر مملکت صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم میاں شہباز شریف کے درمیان اہم ترین ملاقات بھی طے پا گئی ہے، جس میں اس حوالے سے خصوصی مشاورت کی جائے گی۔

وفاقی حکومت پہلے ہی اعلانیہ طور پر کہہ چکی ہے کہ آرٹیکل 232 کے تحت ایمرجنسی اور آرٹیکل 234 کے تحت گورنر راج کے آپشنز زیرِ غور ہیں۔

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے حال ہی میں دوٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے دہشت گردی پر قابو پانے میں مبینہ ناکامی کے بعد حکومت ایمرجنسی کے نفاذ پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔

اسی طرح وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا بھی کہنا تھا کہ اگر حالات نے تقاضا کیا تو آئین کے تحت گورنر راج یا ایمرجنسی کا نفاذ یقینی طور پر عمل میں لایا جائے گا۔

تاہم حکومت نے فی الحال فوری کارروائی کے بجائے تحریک انصاف کی قیادت کو اپنی محاذ آرائی کی سیاست اور احتجاجی مارچ کے فیصلے پر نظرِثانی کا موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاق اور صوبے میں بڑھتا ہوا تناؤ

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب تحریک انصاف کی صوبائی حکومت، وفاق اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ ہو چکے ہیں۔

خاص طور پر صوبے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور تحریک انصاف کی جانب سے 4 اکتوبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے کے غیر لچکدار فیصلے نے اس کشیدگی کو عروج پر پہنچا دیا ہے۔

مرکز کا ماننا ہے کہ صوبائی مشینری اپنی بنیادی ذمہ داریاں نبھانے کے بجائے وفاق پر چڑھائی کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔

آرٹیکل 232 اور 234 کا فرق اور اطلاق

آئین کے تحت ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے نتائج یکسر مختلف ہیں۔ آرٹیکل 232 کے تحت ملک یا کسی صوبے میں ایمرجنسی اس وقت نافذ کی جاتی ہے جب جنگ، بیرونی جارحیت یا ایسے اندرونی خلفشار کے باعث سلامتی کو خطرہ ہو جسے صوبائی حکومت کنٹرول کرنے میں ناکام رہے۔

اس آرٹیکل کے تحت صوبائی اسمبلی ازخود معطل نہیں ہوتی۔ دوسری جانب آرٹیکل 234 صوبے میں آئینی مشینری کی مکمل ناکامی سے متعلق ہے۔

اس کا اطلاق ہونے پر گورنر راج نافذ ہو جاتا ہے اور صوبائی اسمبلی کے اختیارات اور کام کاج کو معطل کیا جا سکتا ہے۔ ذرائع کی جانب سے ’کاک ٹیل‘ کی اصطلاح کا استعمال اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ حکومت محض ایک آرٹیکل کے بجائے صورتحال کی نزاکت کے پیشِ نظر دونوں شقوں کے امتزاج سے کوئی درمیانی یا کڑا راستہ نکال سکتی ہے۔

آئینی و سیاسی بحران کا تکنیکی جائزہ

وفاق کی جانب سے محض ایک آپشن کے بجائے آئینی اقدامات کے مجموعے پر غور کرنا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ مرکز صوبائی خود مختاری کے حوالے سے پیدا ہونے والے ممکنہ قانونی اور سیاسی ردعمل سے محتاط ہے۔

مزید پڑھیں:کے پی میں گورنر راج، ایمرجنسی یا کچھ اور؟صدر اور وزیراعظم کی ہنگامی بیٹھک شروع،بڑے فیصلے متوقع

آرٹیکل 234 کے تحت براہِ راست اسمبلی معطل کرنا ایک انتہائی اقدام ہے جسے عدالتوں میں چیلنج کیا جا سکتا ہے اور یہ صوبے میں عوامی سطح پر مزید اشتعال کا باعث بن سکتا ہے۔

اس کے برعکس، آرٹیکل 232 کے تحت ایمرجنسی نافذ کر کے وفاق صوبے کے انتظامی اور سیکیورٹی امور کا کنٹرول سنبھال سکتا ہے جبکہ اسمبلی بحال رہتی ہے۔

 تاہم مسلسل سیاسی محاذ آرائی اور صوبائی وسائل کا وفاق کے خلاف استعمال ایک ایسا سنگین آئینی چیلنج بن چکا ہے جس کا حل عام سیاسی طریقوں سے ممکن دکھائی نہیں دیتا۔ اگر صوبائی قیادت نے اپنے سیاسی طرزِ عمل میں لچک پیدا نہ کی، تو مرکز کے پاس ریاست کی رٹ قائم کرنے کے لیے اس آئینی ’کاک ٹیل‘ کو آزمانے کے سوا کوئی چارہ نہیں بچے گا، جو ملکی تاریخ میں مرکز اور صوبے کے درمیان ایک نئے اور پیچیدہ ترین آئینی بحران کو جنم دے گا۔

Related Articles