پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے صوبے بھر میں بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا، 6 اور 7 اکتوبر کو بیشتر اضلاع میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بارش کا امکان ہے۔
لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور فیصل آباد میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے، جبکہ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کو بھی ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بوسیدہ یا کچے مکانات میں رہائش اختیار کرنے سے گریز کریں۔
سیف انور جپہ نے کہا کہ آندھی اور طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ شہریوں کو آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے بھی محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ بچوں کا خصوصی خیال رکھیں اور انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔ بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال کے دوران کھلے آسمان تلے جانے سے بھی گریز کیا جائے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔