جرمنی میں ملازمت کے خواہشمند افراد کے لئے بڑی خوشخبری

جرمنی میں ملازمت کے خواہشمند افراد کے لئے بڑی خوشخبری

جرمنی میں روزگار کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جرمن حکومت کے سرکاری ’Make it in Germany‘ پورٹل کے ذریعے مختلف شعبوں میں ملازمتوں کے مواقع اور درخواست دینے سے متعلق معلومات دستیاب ہیں۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق پاکستانی شہری جرمنی میں روزگار کے لیے ’Make it in Germany‘ پورٹل پر موجود ملازمتوں کی تفصیلات دیکھ سکتے ہیں، جہاں بیرونِ ملک سے امیدواروں کو ملازمت دینے میں دلچسپی رکھنے والے اداروں کی جانب سے مختلف آسامیوں کی معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔

پورٹل پر آئی ٹی، انجینئرنگ، نرسنگ، میڈیکل، سائنس، ہنرمند شعبوں اور دیگر پیشہ ورانہ شعبوں سے متعلق ملازمتوں کے مواقع تلاش کیے جاسکتے ہیں۔ جرمن حکومت کے مطابق پورٹل پر ملازمت تلاش کرنے، ویزا اور جرمنی میں پیشہ ورانہ اہلیت کی منظوری سے متعلق رہنمائی بھی فراہم کی جاتی ہے۔

جرمنی میں ملازمت کے لیے امیدواروں کو اپنی اہلیت، پیشہ ورانہ تجربے اور متعلقہ ویزا شرائط پوری کرنا ہوں گی۔ ہنرمند افراد کے لیے مختلف ورک ویزا راستے موجود ہیں، جبکہ متعلقہ ملازمت کے لیے بعض صورتوں میں تسلیم شدہ تعلیمی یا پیشہ ورانہ قابلیت اور جرمن آجر کی جانب سے ملازمت کی پیشکش ضروری ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد ویزا یا قانونی شکنجہ؟ بیرون ملک روزگار کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے بڑا انتباہ

جرمن حکومت کے سرکاری پورٹل کے مطابق بیرونِ ملک سے جرمنی میں ملازمت کے خواہشمند افراد ’Opportunity Card‘ کے ذریعے بھی بعض شرائط پوری کرنے کی صورت میں جرمنی جاکر ملازمت تلاش کرسکتے ہیں۔

پاکستان میں جرمن مشن کے مطابق جرمنی میں ملازمت، تربیت اور جاب سیکر ویزا سمیت مختلف ویزا کیٹیگریز سے متعلق معلومات دستیاب ہیں، جبکہ پاکستانی شہری اپنی تعلیمی و پیشہ ورانہ قابلیت کی منظوری اور ملازمتوں کے ڈیٹا بیس سے متعلق تفصیلات بھی حاصل کرسکتے ہیں۔

متعلقہ حکام نے پاکستانی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ جرمنی میں ملازمت کے لیے درخواست دینے سے قبل اپنی اہلیت، ملازمت کی شرائط اور ویزا تقاضوں کا جائزہ لیں اور معلومات و درخواست کے لیے سرکاری ذرائع ہی استعمال کریں۔

Related Articles