پاکستان رینجرز اکیڈمی منڈی بہاؤالدین میں ریکروٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ انتہائی شاندار اور باوقار انداز میں منعقد ہوئی، جس نے نظم و ضبط، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی جذبے کی بہترین عکاسی کی، تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جنرل پنجاب رینجرز تھے، جنہوں نے پریڈ کا معائنہ کیا اور جوانوں کی کارکردگی کو سراہا۔
پریڈ میں بیسک تربیتی کورس نمبر 35مکمل کرنے والے 584 ریکروٹس نے ملک و قوم سے وفاداری کا حلف اٹھایا، حلف برداری کی اس تقریب میں نوجوانوں کے چہروں پر عزم، ولولہ اور جذبۂ خدمت نمایاں دکھائی دے رہا تھا جو مستقبل میں ملک کے دفاع اور امن کے قیام میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
مہمانِ خصوصی نے تربیت کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے ریکروٹس میں انعامات تقسیم کیے، بہترین کارکردگی کا اعزاز سپاہی مفاہم یونس کے حصے میں آیا، جنہیں ڈی جی کین سے نوازا گیا، اس موقع پر ان کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔
پاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس نے اس موقع کو اپنی زندگی کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب رینجرز کا حصہ بننا ان کے لیے باعثِ فخر ہے، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ دفاعِ وطن اور ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
تقریب کے اختتام پر یہ پیغام واضح طور پر ابھر کر سامنے آیا کہ پاکستان رینجرز ملک میں امن و امان برقرار رکھنے، داخلی استحکام کو مضبوط بنانے اور ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار اور پرعزم ہے۔