پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل جیتنے کے بعد اسے کھلاڑیوں اور شائقین کے لیے “زبردست لمحہ” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کی کامیابی کا راز میچ ٹو میچ حکمت عملی رہی۔
میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ہر مقابلے کے لیے الگ پلان بنایا گیا جس پر عملدرآمد نے ٹیم کو مسلسل کامیابیاں دلائیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری ٹیم نے متحد ہو کر کارکردگی دکھائی، جس کا نتیجہ چیمپئن بننے کی صورت میں سامنے آیا۔ انہوں نے کہا جیت پشاور زلمی اور میرے لیے بڑی کامیابی ہے ۔
فائنل کے بعد ٹرافی کی تقریب میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بابر اعظم کو ٹرافی پیش کی جس کے بعد کھلاڑیوں اور شائقین نے بھرپور جشن منایا۔پشاور زلمی نے فائنل میں حیدرآباد کنگز مین کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری بار پاکستان سپر لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حیدرآباد کنگز مین کی ٹیم مشکلات کا شکار رہی اور 18 اوورز میں صرف 129 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ابتدا اچھی نہ رہی اور خود بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے، جبکہ دیگر بیٹرز بھی جلد پویلین لوٹتے رہے۔ ایک موقع پر ٹیم کی چار وکٹیں صرف 40 رنز پر گر چکی تھیں، جس سے میچ سنسنی خیز صورتحال اختیار کر گیا۔
تاہم ایرون ہارڈی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ عبدالصمد نے 48 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ دونوں کھلاڑیوں کی عمدہ شراکت داری نے ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکال کر فتح کی راہ پر گامزن کیا۔
پشاور زلمی نے 130 رنز کا ہدف 16ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیایوں ٹیم نے نہ صرف شاندار کم بیک کیا بلکہ دوسری مرتبہ پی ایس ایل ٹرافی بھی اپنے نام کرلی۔