تیل کی قیمتوں میں اچانک کمی، صارفین کیلئے اچھی خبر

تیل کی قیمتوں میں اچانک کمی، صارفین کیلئے اچھی خبر

ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات کی خبروں نے عالمی توانائی مارکیٹ میں فوری اثرات دکھانا شروع کر دیے ہیں جس کے نتیجے میں خام تیل اور گیس کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں برطانوی خام تیل (برینٹ) کی قیمت میں تقریباً 4 فیصد کمی کے بعد یہ 110 ڈالر فی بیرل تک آ گیا ہے جبکہ امریکی خام تیل (ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ) بھی 4 فیصد سستا ہو کر 102 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح ابوظہبی کی آئل کمپنی کا مربن کروڈ بھی 2 فیصد کمی کے بعد 105 ڈالر فی بیرل تک آ گیا ہے۔

 ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کی توقعات نے مارکیٹ میں سپلائی کے خدشات کو کم کیا ہے جس کے باعث قیمتوں میں یہ کمی دیکھی جا رہی ہے اس کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر گیس کی قیمتوں میں بھی تقریباً 4 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے جو توانائی کے شعبے میں ایک بڑی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا کے ساتھ مذاکرات میں بڑی پیش رفت سے متعلق آگاہ کر دیا

عراق نے بدلتی ہوئی صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی تیل برآمدات بڑھانے کیلئے غیر معمولی رعایتوں کا اعلان کر دیا ہے۔ عراق جو اوپیک کا دوسرا بڑا تیل پیدا کرنے والا ملک ہے نے آبنائے ہرمز کے ذریعے آنے والے خریداروں کیلئے خصوصی رعایتیں متعارف کروائی ہیں۔

عراقی سرکاری ادارے اسٹیٹ آرگنائزیشن فار مارکیٹنگ آف آئل کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق مئی کے آغاز میں لوڈ ہونے والے بصرہ میڈیم خام تیل پر 33.40 ڈالر فی بیرل تک رعایت دی جا رہی ہے جبکہ 11 سے 31 مئی کے دوران یہ رعایت 26 ڈالر فی بیرل ہوگی۔ اسی طرح بصرہ ہیوی خام تیل بھی مئی میں لوڈنگ کیلئے تقریباً 30 ڈالر فی بیرل کم قیمت پر پیش کیا جا رہا ہے۔

عراق کی جانب سے دی جانے والی یہ رعایتیں عالمی منڈی میں مقابلہ بڑھانے اور خریداروں کو اپنی جانب راغب کرنے کی کوشش ہیں خاص طور پر ایسے وقت میں جب آبنائے ہرمز کی صورتحال کے باعث ترسیل کے خدشات موجود ہیں۔

editor

Related Articles