محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) کا الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 7 سے 11 مئی کے دوران درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے، جس سے وسطی اور جنوبی علاقوں میں شدید موسمی حالات پیدا ہو سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے متعدد شہروں میں پارہ 46 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے جو معمول سے کہیں زیادہ ہے۔
اسی طرح جنوبی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بعض میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 43 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے جس سے معمولات زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، مردان اور نوشہرہ سمیت شمالی اور وسطی علاقوں میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے جہاں درجہ حرارت 39 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے،خطہ پوٹھوہار اور لاہور سمیت وسطی پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کراچی میں نسبتاً کم مگر غیر معمولی گرمی کی لہر متوقع ہے، جہاں درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، بچوں، بزرگوں اور خواتین کا خصوصی خیال رکھا جائے اور پانی کا زیادہ استعمال کیا جائے تاکہ ڈی ہائیڈریشن اور گرمی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بچا جا سکے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 10 مئی کی شام سے 13 مئی کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں کمزور مغربی ہواؤں کے اثرات بھی متوقع ہیں تاہم اس کے باوجود زیادہ تر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔
ماہرین صحت نے بھی شہریوں کو احتیاط برتنے اور دھوپ میں طویل وقت گزارنے سے بچنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ممکنہ صحت کے خطرات سے محفوظ رہا جا سکے۔