مقبول ویڈیو پلیٹ فارم یوٹیوب نے کہا ہے کہ پاکستان میں تخلیقی سرگرمیوں کی رفتار تیزی سے بڑھ رہی ہے، جہاں تخلیق کار، فنکار اور کہانی سنانے والے ایک مضبوط ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ملک کو عالمی مواد کی طاقت میں بدل رہے ہیں۔
کراچی سے جاری بیان میں یوٹیوب نے بتایا کہ 2026ء کے آغاز کے ساتھ ہی پاکستانی تخلیقی صلاحیتیں نہ صرف ملک کے اندر بلکہ دنیا بھر کے ناظرین کو بھی متاثر کر رہی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق 2025ء کے دوران 25 ہزار سے زائد پاکستانی یوٹیوب چینلز نے 10 ہزار سبسکرائبرز کا ہدف حاصل کیا۔ اسی عرصے میں 13 ہزار سے زیادہ چینلز نے ایک لاکھ سبسکرائبرز سے تجاوز کیا جبکہ ایک ہزار سے زائد چینلز نے دس لاکھ سبسکرائبرز کا سنگ میل بھی عبور کر لیا۔
یوٹیوب کے مطابق سب سے نمایاں پہلو پاکستان کی بڑھتی ہوئی عالمی رسائی ہے، جہاں مجموعی واچ ٹائم کا 60 فیصد سے زیادہ حصہ بیرون ملک ناظرین سے آ رہا ہے۔
کراچی سے کوالالمپور اور لاہور سے لندن تک پاکستانی تخلیق کار اپنی ویڈیوز کے ذریعے ثقافت، تفریح اور روزمرہ زندگی کی کہانیوں کو ایسے انداز میں پیش کر رہے ہیں جو سرحدوں سے آگے ناظرین کو بھی جوڑ رہے ہیں۔
گوگل کے ریجنل ڈائریکٹر برائے بزنس اینڈ آپریشنز فرحان قریشی نے کہا کہ پاکستانی تخلیق کار صرف مقامی ناظرین کے لیے مواد نہیں بنا رہے بلکہ وہ ایسی کہانیاں، زاویے اور تفریح پیش کر رہے ہیں جو دنیا بھر کے لوگوں کو متاثر کر رہی ہیں اور عالمی مواد تخلیق کی تعریف کو نئے انداز میں متعین کر رہی ہیں۔