بارسلونا نے روایتی حریف ریال میڈرڈ کو شکست دے کر لالیگا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

بارسلونا نے روایتی حریف ریال میڈرڈ کو شکست دے کر لالیگا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا نے اپنے روایتی حریف ریال میڈرڈ کو 0-2 سے شکست دے کر 29ویں مرتبہ لا لیگا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

ناؤ کیمپ میں کھیلے گئےاس  اہم ’ایل کلاسیکو‘ میں فتح کے بعد بارسلونا نے تین میچز باقی رہتے ہوئے لیگ ٹائٹل جیت لیا۔

ہانسی فِلک کی زیر قیادت بارسلونا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 91 پوائنٹس حاصل کیے اور دوسرے نمبر پر موجود ریال میڈرڈ پر 14 پوائنٹس کی فیصلہ کن برتری قائم کرلی۔

بارسلونا نے پورے سیزن میں صرف چار لیگ میچز ہارے ہیں۔

میچ کا آغاز بارسلونا کے لیے بہترین ثابت ہوا جہاں صرف نویں منٹ میں مارکس راشفورڈ نے شاندار فری کک پر گیند جال میں پہنچا کر ٹیم کو برتری دلائی۔

صرف نو منٹ بعد بارسلونا نے دوسرا گول بھی اسکور کر دیا۔ فرمین لوپیز کے کراس پر ڈینی اولمو نے خوبصورت بیک ہیل پاس دیا جسے فیران ٹوریس نے طاقتور شاٹ کے ذریعے گول میں تبدیل کر دیا۔

ریال میڈرڈ نے کھیل میں واپسی کی کوشش کی تاہم بارسلونا کے دفاع کو توڑنے میں ناکام رہی۔

ریال میڈرڈ کے لیے یہ سیزن بغیر کسی بڑی ٹرافی کے مایوس کن انداز میں ختم ہوا ،  ریال میڈرڈ کے کوچ الوارو اربیلوا نے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ”200 فیصد کارکردگی دیے بغیر اتنے بڑے مقابلے میں جیتنا مشکل ہے“۔

بارسلونا کی اس کامیابی میں نوجوان سٹار لیمین یامل کا کردار کلیدی رہا جنہوں نے اس سیزن میں 16 گول کیے اور 12 گول کرنے میں مدد دی۔

بعدازاں اسپین کے مشہور فٹ بال ٹورنامنٹ لالیگا میں بارسلونا کی شاندار جیت کا بھرپور انداز میں جشن منایا گیا۔

اس کامیابی کے بعد کھلاڑیوں اور مداحوں کی جانب سے جوش و خروش سے اسٹیڈیم اور شہر کی سڑکیں جشن کے رنگوں میں ڈوب گئیں۔

کھلاڑیوں نے میدان میں ٹرافی کے ساتھ اپنی فتح پر جوش کا بھرپور اظہار کیا۔

آتش بازی، موسیقی اور کلب کے رنگوں والے جھنڈوں نے ماحول کو مزید پُرجوش بنا دیا جبکہ ہزاروں کی تعداد میں موجود سپورٹرز نے کلب کے مخصوص گیت گا کر اور جھنڈے لہرا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔

editor

Related Articles