لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے ریکوری اہداف کے حصول کیلئے بجلی بلوں کی عدم ادائیگی پر سخت کارروائی کا آغاز کردیا ہے ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو نے مقررہ تاریخ تک ایک ماہ کا بل ادا نہ کرنے والے صارفین کے کنکشن منقطع کرنا شروع کر دیئے ہیں، اس اقدام کے تحت گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کے بجلی کنکشن بھی منقطع کئے جا رہے ہیں۔
لیسکو حکام نے اقساط کی صورت میں ادائیگی کرنے والے صارفین کو بھی بروقت بلز جمع کروانے کی وارننگ جاری کر دی ہے۔
مزید برآں ایک ہی گھر میں کسی ایک صارف کے نادہندہ ہونے کی صورت میں دیگر کنکشنز منقطع کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض علاقوں میں کئی سالوں سے بلز کی عدم ادائیگی کی نشاندہی ہوئی، جبکہ متعدد صارفین نے پرانے واجبات ادا کرنے کے بجائے نئے میٹرز لگوا کر بجلی استعمال کرنا شروع کر رکھی تھی۔