ایران کے خلاف فوجی آپریشنز،اب تک کتنی رقم خرچ ہوئی ، پینٹا گون کا بڑا انکشاف

ایران کے خلاف فوجی آپریشنز،اب تک کتنی رقم خرچ ہوئی ، پینٹا گون کا بڑا انکشاف

امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگیستھ نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ میں اب تک 29 ارب ڈالر خرچ ہوچکے ہیں، جبکہ انہوں نے خبردار کیا کہ ضرورت پڑنے پر امریکا اپنی کارروائیاں مزید بڑھا سکتا ہے۔

امریکی ایوانِ نمائندگان کی ذیلی دفاعی کمیٹی میں بریفنگ دیتے ہوئے پیٹ ہیگیستھ نے کہا کہ محکمہ دفاع کو اس وقت کئی بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے ڈیڑھ کھرب ڈالر کے دفاعی بجٹ کی ضرورت ہے۔ اجلاس کے دوران کمیٹی اراکین نے ایران جنگ کے اخراجات اور نقصانات پر تفصیلی سوالات اٹھائے اور یاد دلایا کہ 60 روز کی مہلت ختم ہوچکی ہے جبکہ کانگریس نے باضابطہ طور پر جنگ کی منظوری بھی نہیں دی۔

کمیٹی کے ایک رکن نے سوال کیا کہ اگر کانگریس جنگ کی منظوری نہیں دیتی تو امریکی حکومت کا لائحہ عمل کیا ہوگا؟ اس پر پیٹ ہیگیستھ نے جواب دیا کہ امریکا کے پاس متعدد متبادل منصوبے موجود ہیں اور اگر ضرورت محسوس ہوئی تو جارحانہ اقدامات میں مزید اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے۔

پینٹاگون حکام کے مطابق ایران کے خلاف فوجی آپریشنز پر اب تک 29 ارب ڈالر خرچ کیے جاچکے ہیں۔ پیٹ ہیگیستھ نے یہ بھی بتایا کہ صدر نے پاکستان کی درخواست پر “پروجیکٹ فریڈم” کو روک دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کا بنیادی مقصد ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے، چاہے یہ ہدف سفارتی دباؤ، “پروجیکٹ فریڈم” یا براہ راست جنگ کے ذریعے حاصل کرنا پڑے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر صورتحال مکمل جنگ کی طرف گئی تو امریکی افواج کو اسلحہ یا گولہ بارود کی کسی قسم کی کمی کا سامنا نہیں ہوگا اور امریکا ہر ممکن اقدام کے لیے تیار ہے۔

editor

Related Articles