نام نہاد بنوں پولیس امن کمیٹی پر ایک اور نوجوان کے اغوا میں ملوث، مغوی صمد خان کی بازیابی کے لیے اہل خانہ کی دہائی، ویڈیو وائرل

نام نہاد بنوں پولیس امن کمیٹی پر ایک  اور  نوجوان کے اغوا میں ملوث، مغوی صمد خان کی بازیابی کے لیے اہل خانہ کی دہائی، ویڈیو وائرل

بنوں میں پولیس ایکشن کمیٹی پر ایک اور نوجوان کے اغوا کا الزام سامنے آگیا، ہیڈ کانسٹیبل جاوید خان اور ڈاٹسن ڈرائیور کے اغوا کے بعد ایک اور اغوا کی ویڈیو منظرعام پر آگئی، جس میں مغوی نوجوان کے چچا نے حکام سے اپنے بھتیجے کی بازیابی کی اپیل کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق 28 نومبر کو سامنے آنے والے ویڈیو بیان میں تھانہ بکاخیل کی حدود میں واقع سردی خیل کے رہائشی صمد خان ولد میر داد خان کے چچا نے دعویٰ کیا کہ ان کے جوان سال بھتیجے کو بنوں پولیس ایکشن کمیٹی سے وابستہ افراد نے اغوا کر رکھا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صمد خان کو تقریباً دو ہفتے قبل بنوں کے علاقے شہباز عظمت خیل سے ڈی ایس پی ریاض خٹک کے گن مین جاوید خان کے ہمراہ مبینہ طور پر اغوا کیا گیا تھا، جبکہ جاوید خان کو بعد ازاں قتل کر دیا گیا۔

مغوی نوجوان کے چچا نے اپنے ویڈیو بیان میں اعلیٰ حکام سے پولیس ایکشن کمیٹی کے خلاف کارروائی اور اپنے بھتیجے کی بحفاظت بازیابی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

بنوں میں اغوا کے مسلسل سامنے آنے والے مبینہ واقعات نے شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کی صورت حال پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔ صمد خان کے اہل خانہ اپنے پیارے کی بحفاظت واپسی کے منتظر ہیں۔

واقعے سے متعلق پولیس ایکشن کمیٹی اور متعلقہ حکام کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا، جبکہ مغوی نوجوان کی موجودہ صورت حال کی آزادانہ تصدیق بھی نہیں ہو سکی۔

Related Articles