بیرون ملک براہ راست ملازمت حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے طریقہ کار اور احتیاطی تدابیر سے متعلق اہم معلومات سامنے آئی ہیں۔ ماہرین کے مطابق ڈائریکٹ ایمپلائمنٹ اُس صورت کو کہا جاتا ہے جب کوئی فرد خود اپنی کوشش یا بیرون ملک موجود اپنے رشتہ داروں اور جاننے والوں کے ذریعے نوکری حاصل کرے جس میں کسی لائسنس یافتہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر کا براہ راست کردار شامل نہیں ہوتا۔
تفصیلات کے مطابق اس طریقہ کار میں تمام ذمہ داری امیدوار پر عائد ہوتی ہے جس میں کمپنی کی ساکھ کی تصدیق ملازمت کے معاہدے کی قانونی حیثیت اور ویزا و امیگریشن کے تمام تقاضوں کی جانچ شامل ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ تصدیقی عمل مکمل نہ کیا جائے تو بعد میں کسی بھی مسئلے کی صورت میں قانونی مدد حاصل کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔
بیرون ملک ملازمت کے لیے پاسپورٹ پر لگایا جانے والا پروٹیکٹر اسٹیکر انتہائی اہم دستاویز ہوتا ہے جس میں درست معلومات کا درج ہونا ضروری ہے۔ اگر کوئی شخص خود ویزا حاصل کرے تو اسے ڈائریکٹ ایمپلائمنٹ کے طور پر ظاہر کیا جاتا ہے تاہم اگر ویزا کسی لائسنس یافتہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر کے ذریعے حاصل کیا گیا ہو تو اس ایجنسی کا نام واضح طور پر درج ہونا لازمی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس معلومات کو غلط ظاہر کرنا قانونی اور انتظامی مسائل کا باعث بن سکتا ہے اور مستقبل میں مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔ ایسے معاملات میں امیدوار کو چاہیے کہ وہ اپنے دستاویزات کو باریک بینی سے چیک کرے تاکہ کسی قسم کی غلطی یا تضاد سے بچا جا سکے۔
اگر کسی کو دستاویزات میں غلطی یا غیر معمولی صورتحال نظر آئے تو فوری طور پر متعلقہ دفتر، پروٹیکٹر آف ایمیگرنٹس، سے رابطہ کرکے تحریری شکایت درج کرانی چاہیے تاکہ ریکارڈ درست کیا جا سکے اور قانونی تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔