جنوبی امریکا کے ملک پیرو میں ایک شخص نے ایسا منفرد گھر بنا کر سب کو حیران کر دیا ہے جس نے دنیا کے سب سے تنگ گھر ہونے کا دعویٰ پیش کر دیا ہے۔
اوکالاما ضلع کے رہائشی فابیو مورینو نے یہ انتہائی باریک سا گھر خود ڈیزائن کیا اور اسی کے مالک بھی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ خوشی کا تعلق بڑے یا مہنگے گھروں سے نہیں بلکہ اس بات سے ہے کہ محدود جگہ کو کتنی سمجھداری سے استعمال کیا جائے۔
یہ رنگ برنگا اور نہایت تنگ گھر اپنی انوکھی ساخت کی وجہ سے پہلے ہی ہزاروں سیاحوں کی توجہ حاصل کر چکا ہے اور مستقبل میں اسے ایک بڑے سیاحتی مقام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ابتدائی نظر میں یہ گھر کسی آرٹ انسٹالیشن جیسا لگتا ہے، لیکن حقیقت میں اس کے اندر ایک مکمل جدید رہائش موجود ہے۔ گھر میں باتھ روم، کچن، ڈائننگ ایریا، بیڈ روم، اسٹڈی روم، کپڑے دھونے کی جگہ اور دونوں منزلوں کو جوڑنے والی دو سیڑھیاں بھی شامل ہیں، اور یہ سب کچھ صرف 63 سینٹی میٹر کی جگہ میں سمو دیا گیا ہے۔
فابیو مورینو نے اس گھر کو باضابطہ طور پر گنیز ورلڈ ریکارڈز میں درج کروانے کی درخواست بھی دے دی ہے، تاہم حتمی تصدیق کا انتظار کیا جا رہا ہے۔