پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے ایک بار پھر انتخابی سیاست میں فعال کردار ادا کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور آئندہ سیاسی و انتخابی سرگرمیوں میں وہ براہِ راست قیادت کرتے نظر آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نہ صرف گلگت بلتستان بلکہ آئندہ آزاد کشمیر کے انتخابات کی انتخابی مہم کی بھی قیادت کریں گے جس کے لیے پارٹی سطح پر باقاعدہ حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کے ساتھ نواز شریف کے لیے ایک الگ دفتر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جہاں سے وہ سیاسی امور کی نگرانی اور رہنمائی کریں گے اس کے علاوہ ان کی سیاسی ملاقاتیں جی او آر ون، 3 کلب روڈ پر جاری رہیں گی
ذرائع کے مطابق 3 کلب روڈ پر موجود نواز شریف کے لیے مخصوص بلاک کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے تاکہ وہاں سیاسی سرگرمیوں اور اہم ملاقاتوں کے لیے بہتر انتظامات کیے جا سکیں۔
پچھلے کچھ عرصے تک نواز شریف انتخابی سیاست میں نسبتاً کم متحرک نظر آ رہے تھے تاہم حالیہ دنوں میں ان کی سیاسی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ وہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے متعدد ملاقاتیں کر چکے ہیں۔ ان ملاقاتوں میں بجٹ کے دوران عوام کو ریلیف دینے ملکی معیشت کی بہتری اور علاقائی سیاست میں مؤثر کردار سمیت مختلف امور پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے حکومتی اور پارٹی قیادت کو اپنی تجربہ کار سیاسی رائے سے بھی آگاہ کیا ہے اور مختلف پالیسی معاملات پر رہنمائی فراہم کی ہے۔ وہ نائب وزیراعظم اور دیگر سینئر رہنماؤں کے ساتھ بھی ملاقاتیں کر چکے ہیں۔
نواز شریف کی دوبارہ سرگرمیوں میں اضافہ مسلم لیگ (ن) کی انتخابی حکمت عملی میں ایک اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے جس کا مقصد آنے والے انتخابی مرحلے میں پارٹی کی پوزیشن کو مزید مستحکم کرنا ہے۔