بچوں کی موجیں لگ گئیں، اسکول بند، گرمیوں کی چھٹیوں کا آغاز ہوگیا

بچوں کی موجیں لگ گئیں، اسکول بند، گرمیوں کی چھٹیوں  کا آغاز ہوگیا

پنجاب بھر کے اسکولوں میں آج تعلیمی سرگرمیوں کا آخری دن تھا جبکہ کل سے باقاعدہ طور پر تین ماہ پر مشتمل گرمیوں کی تعطیلات شروع ہو رہی ہیں۔ اسکولوں کی چھٹی ہوتے ہی بچوں کے چہروں پر خوشی دیدنی تھی اور کلاس رومز میں تعطیلات کے منصوبوں پر خوب گفتگو ہوتی رہی۔

کسی بچے نے نانی یا دادی کے گھر جانے کا ارادہ ظاہر کیا تو کوئی شمالی علاقہ جات کی سیر کے خواب دیکھتا رہا۔ کئی طلبہ نے تیراکی سیکھنے، کرکٹ اکیڈمی جوائن کرنے اور مختلف تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے منصوبے بھی بنا لیے۔

دوسری جانب والدین کے لیے گرمیوں کی چھٹیاں خوشی کے ساتھ ساتھ فکر بھی لے آئیں۔ شدید گرمی، بچوں کی مصروفیات اور گھریلو اخراجات جیسے معاملات والدین کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ خاص طور پر مائیں اس سوچ میں دکھائی دیں کہ بچوں کو مصروف کیسے رکھا جائے تاکہ وہ سارا دن موبائل فون استعمال نہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کیلئے اچھی خبر، خام تیل کی قیمتوں میں کمی

اس بار گرمیوں کی چھٹیاں عیدالاضحیٰ کے قریب آنے کی وجہ سے بچوں کی خوشی مزید بڑھ گئی ہے۔ بازاروں میں کپڑوں، جوتوں اور چوڑیوں کی خریداری عروج پر ہے جبکہ بچے نئے کپڑوں اور عید کی تیاریوں کے حوالے سے پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔

والدین نے بھی تعطیلات کے دوران عزیز و اقارب سے ملاقاتوں اور مختصر سیاحتی دوروں کے منصوبے بنا لیے ہیں، تاہم مہنگائی کا دباؤ ہر فیصلے پر اثر انداز نظر آ رہا ہے۔

تعلیمی حکام کے مطابق گرمیوں کی تعطیلات 23 اگست تک جاری رہیں گی جبکہ صوبے بھر میں تعلیمی ادارے 24 اگست سے دوبارہ کھلیں گے۔

editor

Related Articles