گوگل اپنی مقبول ای میل سروس جی میل میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) فیچرز شامل کرنے کا عمل تیزی سے آگے بڑھا رہا ہے۔
کمپنی نے اپنی سالانہ ڈویلپر کانفرنس کے دوران جی میل کے نئے اے آئی فیچر جی میل لائیوکا اعلان کیا ہے۔ اس فیچر کی مدد سے صارفین اب صرف ٹائپنگ ہی نہیں بلکہ بول کر بھی جی میل استعمال کرسکیں گے۔
گوگل کے مطابق جیمنائی اے آئی پر مبنی یہ فیچر صارفین کو ان باکس میں موجود سیکڑوں ای میلز میں سے ضروری معلومات چند لمحوں میں تلاش کرنے میں مدد دے گا۔
مثال کے طور پر اگر کسی صارف کو فلائٹ کی تفصیلات، ڈاکٹر کی اپائنمنٹ کا وقت یا کسی اہم ای میل کی معلومات درکار ہوں، تو وہ صرف آواز کے ذریعے سوال پوچھ کر فوری جواب حاصل کرسکے گا۔
اس وقت صارفین کو مطلوبہ معلومات تلاش کرنے کے لیے سرچ باکس میں کی ورڈز، ای میل ایڈریس یا ڈومین ٹائپ کرنا پڑتا ہے، تاہم جی میل لائیو اس عمل کو مزید آسان بنا دے گا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ فیچر صارف کے آڈیو سوالات کے جواب دینے کے ساتھ ساتھ فالو اپ سوالات کو بھی سپورٹ کرے گا، البتہ روایتی جی میل سرچ فیچر بدستور دستیاب رہے گا۔