مشیر وزیراعظم رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت پوری دنیا میں امن کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کی قیادت پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔
فیصل آباد میں اسٹیڈیم کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کا وقار دنیا بھر میں بلند ہوا ہے اور مختلف معاملات میں ملک کی پالیسی کو پذیرائی مل رہی ہے۔
رانا ثنااللہ نے واضح کیا کہ ووٹر کی عمر کی حد سے متعلق کسی قسم کی ترمیم زیر غور نہیں ہے اور نوجوانوں سے ووٹ کا حق نہیں چھینا جا رہا، البتہ دیگر آئینی و انتخابی امور پر مختلف سطحوں پر گفتگو جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے ایک اہم پیکج لانے جا رہی ہے جس کا اعلان وزیراعظم خود کریں گے،ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران اور امریکا کے درمیان تعلقات بہتر ہوتے ہیں تو اس کے عالمی منڈی پر مثبت اثرات پڑ سکتے ہیں، جس سے تیل اور گیس کی قیمتوں میں کمی کا امکان بھی پیدا ہو سکتا ہے۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پاکستان کو اس وقت اتحاد اور اتفاق کی ضرورت ہے اور قومی یکجہتی کے ساتھ ہی ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹا جا سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ کامیابیوں کی بدولت ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری میں کمی کی امید کی جا رہی ہے۔