دنیا کو یقین دلاتے ہیں جوہری پروگرام پر امن مقاصد کیلئے ہے،ایرانی صدر

دنیا کو یقین دلاتے ہیں جوہری پروگرام پر امن مقاصد کیلئے ہے،ایرانی صدر

ایران نے ایک بار پھر دنیا کو یقین دلانے کی پیشکش کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پُرامن مقاصد کے لیے ہے اور تہران کسی بھی صورت ایٹمی ہتھیار بنانے کا خواہاں نہیں۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران نہ صرف عالمی برادری کو اپنے مؤقف پر مطمئن کرنے کے لیے تیار ہے بلکہ خطے میں امن اور استحکام کے قیام کے لیے بھی سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسلامی جمہوری ایران براڈکاسٹنگ کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی اور عدم استحکام کا اصل سبب ایران نہیں بلکہ اسرائیلی حکومت کی پالیسیاں ہیں، جو ہر موقعے کو جنگ اور تنازع بڑھانے کے لیے استعمال کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ سفارت کاری، مذاکرات اور علاقائی استحکام کو ترجیح دی ہے اور تہران کسی بھی نئی جنگ یا بدامنی کا خواہاں نہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :معاہدہ ہوا تو بھی آبنائے ہرمز ایران کے کنٹرول میں رہے گی، ابراہیم ذوالفقاری 

ایرانی صدر نے امریکا کے ساتھ جاری مذاکرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی مذاکرات کار قومی وقار، خودمختاری اور عزتِ نفس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کے تحت توانائی، طبی تحقیق اور سائنسی ترقی کے لیے جوہری ٹیکنالوجی کے استعمال کا مکمل قانونی حق رکھتا ہے۔

ایران مسلسل امریکا اور مغربی ممالک کے ان الزامات کو مسترد کرتا آیا ہے جن میں کہا جاتا ہے کہ تہران جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت حاصل کرنا چاہتا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے فتویٰ اور ریاستی پالیسیوں میں جوہری ہتھیاروں کی واضح مخالفت موجود ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :معاہدہ ہوا تو بھی آبنائے ہرمز ایران کے کنٹرول میں رہے گی، ابراہیم ذوالفقاری

یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات اہم مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں اور اطلاعات ہیں کہ مجوزہ معاہدے کے متعدد نکات پر پیش رفت ہوئی ہے۔ اسی سلسلے میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ حالیہ دنوں میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورۂ ایران کے بعد مذاکرات میں مثبت پیش رفت کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

editor

Related Articles