خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز، پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے مشترکہ آپریشن کی ویڈیو جاری کر دی گئی ہے۔
بنوں میں آپریشن کے دوران سیکیورٹی اداروں نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر دہشتگردوں اور فتنہ الخوارج کے نیٹ ورک کے خلاف بڑی اور کامیاب کارروائی کی، آپریشن میں پاک فوج، مقامی پولیس اور سی ٹی ڈی کی خصوصی ٹیموں نے حصہ لیا۔
خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں گزشتہ روز ہونے والے مشترکہ آپریشن کی سی ٹی ڈی، بنوں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ویڈیو جاری کر دی گئی ہے جبکہ کارروائی کی مزید تفصیلات بھی سامنے آ گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق بنوں کے علاقے بارکزئی میں پولیس اور مسلح افراد کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ چار اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق مشترکہ کارروائی کے دوران 8 مبینہ دہشتگرد ہلاک ہوئے جن میں کالعدم تنظیم فتنہ الخوارج کے گرباز گروپ کا اہم کمانڈر عبداللہ بھی شامل ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ عبداللہ پولیس پر حملوں اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔
دوسری جانب تھانہ کینٹ بنوں کی حدود گل زمان مسجد اور میرانشاہ روڈ کے قریب نصب ایک دیسی ساختہ بم بھی برآمد کیا گیا جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکارہ بنا دیا۔
پولیس حکام کے مطابق یہ دھماکہ خیز مواد ممکنہ طور پر تخریب کاری کے لیے نصب کیا گیا تھا تاہم بروقت کارروائی کے باعث ایک بڑے حادثے کو ٹال دیا گیا۔