دیہی سندھ کے شہر دادو میں شدید گرمی نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے، جس کے بعد گزشتہ دس سال کا پرانا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 18 مئی 2016 کو دادو میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 51.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا، تاہم آج یہ پارہ بڑھ کر 51.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ریکارڈ کیا گیا درجہ حرارت مئی کے مہینے کی اوسط سے 4.5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہے، جو غیر معمولی موسمی صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے۔
دوسری جانب سندھ کے دیگر شہروں میں بھی شدید گرمی ریکارڈ کی گئی، جہاں لاڑکانہ اور جیکب آباد میں درجہ حرارت 50.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ شدید گرمی کی لہر کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔